فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) مکوآنہ کے علاقہ میں دو بھائیوں سمیت پانچ بچے کھیلتے ہوئے پانی کے تالاب میں گر گئے۔ تین بچے جاں بحق، 2 کو زندہ نکال لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مکوآنہ جڑانوالہ روڈ پر کھیلتے ہوئے پانچ بچے اچانک پانی کے تالاب میں جا گرے جن میں سے سہیل آباد کے رہائشی 5سالہ طالب، 6سالہ کرن اور 9سالہ یاسین جاں بحق ہو گئے جبکہ متوفی یاسین کا بھائی 5سالہ یامین اور 4سالہ حمزہ شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو1122 کی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ متوفی بچوں کی نعشیں نکال کر ہسپتال کے مارچری یونٹ میں رکھوا دی گئی ہیں۔ موقع پر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کے گھروں میں صف ماتم بچھ گئی اور علاقہ کی فضا سوگوار ہو گئی۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی سی او نور الامین مینگل موقع پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔ اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ ظہیر انور جپہ ، ڈی ایم ڈی واسا چوہدری شوکت محمود ، ٹی ایم او جڑانوالہ راجہ ارشاد، ڈی او سول ڈیفنس مظہر علی اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی سی او نے واقعہ کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے تحقیقات کے لئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی جو چوبیس گھنٹے میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ ڈی سی او نے معصوم بچوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں کو تسلی دی۔ اطلاعات کے مطابق مکوآنہ کے قریب بھٹہ خشت مالکان نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھٹہ کے قریب کھدائی کر رکھی تھی اور ان گڑھوں سے ریت نکال کر اینٹیں بنانے میں استعمال کی جاتی تھی چند روز قبل ہونے والی بارشوں کے پانی سے یہ گڑھے بھر گئے تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے فیصل آباد کے علاقے جڑانوالہ روڈ پر تالاب میں گر کر بچوں کے جاں بحق ہونے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے فیصل آباد انتظامیہ اور پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر اعلیٰ نے جاں بحق ہونے والے بچوں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔