کراچی (سٹاف رپورٹر) فنکشنل مسلم لیگ کے سربراہ پیر صاحب پگارا نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا خصوصی کسان پیکیج صرف پنجاب کو خوش کرنے کیلئے ہے اور اسکا زیادہ فائد ہ بھی پنجاب کو ہوگا،آئندہ ہفتے ملک میں بڑی تبدیلی آنے والی ہے جس میںملک کے بڑے بڑے مگر مچھ گرفتار ہونگے۔ آصف علی زرداری کو سابقہ الیکشن عید کے چاند کی طرح ملے تھے مگر ہر چاند عید کا نہیں ہوتا، اگر آصف علی زرداری کو وطن واپس آنا ہوتا تو وہ دبئی میں اجلاس کیوں بلواتے۔ سندھ حکومت کی طرح پنجاب حکومت بھی چاہتی ہے کہ بلدیاتی انتخابات ملتوی ہوں مگر آج نہیں تو کل بلدیاتی انتخابات ضرور ہونگے۔ سابق آرمی چیف اور موجودہ آرمی چیف میں فرق ہے، پاک فوج بہتر کام کررہی ہے کیونکہ اسکا سپہ سالار جنرل راحیل شریف نڈر اور بہادر کمانڈر ہیں جو خود ملک کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پہاڑوں پر بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے رینجرز کو آپریشن کی منظور بھی خود دی تھی اور اب شور بھی خود مچا رہے ہیں۔ کراچی سمیت سندھ میں رینجرز کی کاروائیوں سے خد اکی خلق خوش ہے اور انہوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔