اسلام آباد (آئی این پی )ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے اثاثوں کی تفصیلات جمع کروانے میں 2 دن باقی رہ گئے۔957 ارکان ایسے ہیں جنہوں نے اب تک اثاثوں کی تفصیلات جمع کروانے کی زحمت نہیں کی۔ دوسری جانب الیکشن کمشن نے پی کے 93 سے متعلق امیر جماعت اسلامی کی تنقید کو بلا جواز قرار دیدیا۔الیکشن کمشن کے مطابق اب تک 208 ارکان پارلیمنٹ نے اپنے مالی اثاثوں کی تفصیلات جمع کروادی ہیں جن میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنے مالی گوشوارے الیکشن کمشن میں جمع کروائے ہیں۔الیکشن کمشن حکام کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کو 5 بار یاددہانی کے خطوط لکھے جاچکے ہیں جس کے باوجو د بہت سے ارکان کی طرف سے تفصیلات جمع کرانے میں عدم دلچسپی دیکھنے میں آرہی ہے۔3وزرائے اعلیٰ سمیت کئی وزراء نے بھی اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔ الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ تفصیلات جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر تک اگر تفصیلات جمع نہ کروائیں گئیں تو ارکان کی اسمبلی رکنیت معطل کی جاسکتی ہے۔دوسری جانب الیکشن کمشن نے پی کے 93 کے نتیجے سے متعلق امیر جماعت اسلامی کی تنقید کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ پی کے93 کا حتمی نتیجہ 22ستمبر کو جاری کیا جا چکا ہے۔
900 سے زائد ارکان اسمبلی پر معطلی کی تلوار لٹکنے لگی، اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے میں 2 دن باقی
Sep 29, 2015