اسلام آباد (محمد نواز رضا‘ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزارت داخلہ نے تحریک انصاف کو جلسہ کرنے سے روکنے کے لئے جمعہ 2 اکتوبر کو ’’ریڈ زون‘‘ کو کنٹینرز لگا کر سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں راولپنڈی و اسلام آباد پولیس کے افسروں کا پیر کو اجلاس ہوا جس میں طے کیا گیا کہ اگر جمعہ 2 اکتوبر تک تحریک انصاف متبادل جگہ پر جلسہ کرنے پر آمادہ نہ ہوئی تو جمعہ سے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریاں شروع ہو جائیں گی وزیر داخلہ چودھری نثار ’’ریڈ زون‘‘ کو محفوظ بنانے کے پلان کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے تحریک انصاف کے جلسہ کو روکنے کے لئے پنجاب اور آزادکشمیر سے مزید پولیس فورس طلب کر لی ہے آئندہ دو تین روز میں پنجاب اور آزادکشمیر سے ہزاروں کی تعداد میں پولیس نفری اسلام آباد پہنچ جائے گی۔ وزیر داخلہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر تحریک انصاف نے ریڈ زون میں جلسہ کرنے کے فیصلہ پر نظرثانی نہ کی تو ریاستی مشنیری 2 اکتوبر سے حرکت میں آ جائے گی اور نادرا چوک‘ سرینا ہوٹل چوک ‘ مارگلہ روڈ اور پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز سے ریڈ زون کو جانے والے راستوں کو کنٹینر کھڑے کرکے سیل کر دیا جائے گا تحریک انصاف کی طرف سے متبادل جگہ پر جلسہ کرنے پر رضامندی کے اظہار کے بعد این او سی جاری کر دیا جائے گا۔