لاہور ( خبر نگار ) الیکشن کمشن نے قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 122 لاہور‘ این اے 144 اوکاڑہ اور این اے 154 لودھراں کے ضمنی انتخابات کے لئے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا حکم دے دیا۔ قومی اسمبلی کے 3 اور صوبائی ایک حلقہ میں ضمنی انتخابات 11 اکتوبر اٹک میں 6 اکتوبر کو ہو گا۔ الیکشن کمشن کے اعلامیے کے مطابق ضمنی انتخابات میں فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ امن و امان کی موجودہ صورتحال اور صوبائی الیکشن کمشن‘ متعلقہ آر اوز اور ڈی آر اوز کی جانب سے درخواست کے پیش نظر کیا گیا۔ الیکشن کمشن کے مطابق این اے 122 لاہور این اے 144 اوکاڑہ‘ این اے 154 لودھراں‘ پی پی 147 لاہور اور پی پی 16 اٹک کے ضمنی انتخابات کے لئے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کے لئے سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری دفاع کو خطوط ارسال کر دیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا مقصد سیاسی جماعتوں کی طرف سے دھاندلی کے الزامات سے بچنا ہے۔
ضمنی انتخابات‘ الیکشن کمشن نے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا حکم دیدیا
Sep 29, 2015