برلن(اے این این) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر جرمنی پہنچ گئے،وہ میونخ میں وسطی اور جنوبی ایشیا سے متعلق سکیورٹی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف پیر کی صبح جرمنی کے شہر میونخ پہنچے۔ راحیل شریف کا یہ ایک روزہ دورہ ہے جہاں وہ میونخ میں ہونے والی وسطی اور جنوبی ایشیا سے متعلق سکیورٹی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔جنرل راحیل شریف کانفرنس سے خطاب کریں گے جس میں وہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں، کاوشوں اورکامیابیوں سے آگاہ کریں گے۔ راحیل شریف کی جرمن عسکری قیادت سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔