لاہور( نامہ نگار)صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں تین ارب 85 کروڑ روپے سے زائد کی ٹیکس وصولی کی ہے جو گزشتہ سال کے ان دو ماہ سے 38 فیصد زائد ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اکرم اشرف گوندل کے احکامات پر محکمے کے افسران و عملے نے رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں موٹر وعیکل ٹیکس کی مد میں دو ارب 55 کروڑ 60 لاکھ روپے وصول کئے گئے جو گزشتہ مالی سال کے اس عرصے سے 40 فیصد زائد ہے۔ اس طرح پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 50 کروڑ 20 لاکھ روپے کی وصولی ہوئی ہے جو کہ گزشتہ سال کی نسبت51 فیصد زائد جبکہ جولائی اور اگست میں الکوحل کی فروخت اور تیاری پر عائد ڈیوٹی کی مد میں محکمہ نے 19 کروڑ 20 لاکھ روپے وصول کئے ہیں جو 14-15کے مالی سال کے پہلے دو ماہ سے 18 فیصد زائد ریکوری ہے۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے 2 ماہ میں پونے چار ارب روپے سے زائد ٹیکس جمع کیا: مجتبیٰ شجاع
Sep 29, 2015