منصوبوں میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ متعارف کرایا: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ شفافیت، معیار اور تیزرفتاری سے منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا طرئہ امتیاز ہے اور یہی وجہ ہے کہ منصوبوں میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا نظام متعارف کرایا ہے۔ وسائل قوم کی امانت ہیں، ایک ایک پائی دیانت داری سے عوام کی فلاح و بہبود پر صرف کی جا رہی ہے ۔ امانت اور محنت کو شعار بنا کر عوام کی بے لوث خدمت کررہے ہیں اور خدمت خلق کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے منتخب نمائندو ں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ برس دھرنوں اوراحتجاج کی سیاست کے باعث قومی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچا اور ترقی و خوشحالی کے سفر میں دھرنوں نے رخنہ ڈالا ۔ قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے والوں نے ملک کا احساس کیا نہ عام آدمی کا۔ صوبے میں میرٹ ،شفافیت اورترقیاتی منصوبوں کی برق رفتاری سے تکمیل کے کلچر کو فروغ دیا گیا ہے ۔ پنجاب میں عوام کی فلاح و بہبود، انہیں تعلیم ،صحت اوردیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر اربوں روپے صرف کیے جارہے ہیں۔2017ء تک پنجاب کی تمام تحصیلوں میں صاف پانی پراجیکٹ کے تحت پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور اس منصوبے کا آغاز جنوبی پنجاب سے کیا گیا ہے اور آئندہ اڑھائی برس کے دوران صاف پانی پراجیکٹ پر 70ارب روپے صرف کئے جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ محنت،امانت اوردیانت جیسے سنہری اصول اپنا کر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے۔عوام کی مایوسیوں کو خوشیوں اور تکلیفوں کو راحت میں بدلنے کیلئے دن رات ایک کردیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے برطانیہ میں زیرعلاج آرمی پبلک سکول پشاور کے طالب علم کے اخراجات ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ میں زخمی ہونے والے طالب علم احمد نواز نے اخراجات بند ہونے پر اپیل کی تھی جس پر شہبازشریف نے حکومت پنجاب کی طرف سے انگلینڈ میں زیرعلاج احمدنواز کے علاج کے اخراجات کی ادائیگی کی ہدایت کی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ قبل ازیں آرمی پبلک سکول پشاور کے 23زخمی طلبہ سمیت تقریباً40 افراد لاہور میں قیام پذیر رہے۔ان کے قیام وطعام وآمدرفت کے اخراجات وزیراعلیٰ کی ہدایت پر حکومت پنجاب کی طرف سے ادا کئے گئے۔ زخمی طلبہ کا میوہسپتال اور چلڈرن ہسپتال لاہور میں مقامی طور پر علاج کیا گیا۔ چند روز قبل 7-کلب روڈ پر مشیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں معروف پیڈیاٹرک سرجن پروفیسر شوکت محمود‘ سیکرٹری صحت ‘ ڈی جی ہیلتھ سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مقامی طور پر علاج مکمل ہونے کے بعد 3 زخمی طلبہ کے بارے میں دستاویزات بیرون ملک بھجوائی جا چکی ہیں۔ شہبازشریف نے آرمی پبلک سکول کے بچوں سے خصوصی انسیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں واپسی پر خود الوداع کیا اورحکومت پنجاب کی طرف سے تحفتاً لیپ ٹاپ بھی پیش کئے۔ علاوہ ازیںوزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے عیدالاضحی کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب کے شہروں میں صفائی کے بہترین انتظامات پر متعلقہ حکام اور انتظامیہ کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں اور انتظامیہ نے فعال انداز میں کام کرکے صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے۔ بہترین انتظامات کرنے پر تمام افسروں اور اہلکاروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ مزید براں شہباز شریف نے حجاج کرام کے بارے میں ان کے لواحقین اور رشتہ داروں کو معلومات کی فراہمی کیلئے تمام اضلاع کے ڈی سی اوز کو حج کائونٹرز بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ متعلقہ اداروں سے حجاج کرام سے متعلق تفصیلات لے کر ان کے گھر والوں سے فوری رابطہ کیا جائے۔ شہید ہونے والے حجاج کرام کے لواحقین کی مالی امداد کے لئے وفاق سے درخواست کی جائے گی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے ساہیوال، سرگودھا لنگروالا پتن کے قریب دریائے جہلم پر زیر تعمیر پل کا ایک حصہ منہدم ہونے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ شہباز شریف نے عیدالاضحی پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان‘ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شاباش دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کے لئے پولیس اور متعلقہ اداروں نے محنت اور فرض شناسی سے ذمہ داریاں ادا کیں۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام اور اہلکار مبارکباد کے مستحق ہیں۔مزیدبراں شہباز شریف نے عابد گروپ و حمزہ فائونڈیشن کے چیئرمین شیخ عابد حسین کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔علاوہ ازیں شہبازشریف کی ہدایت پر خصوصی ٹیکنیکل ٹیم دریائے جہلم پر زیرتعمیر پل کا جائزہ لینے کیلئے ساہیوال سرگودھا لنگر والا پتن روانہ ہو گئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن