اسلام آباد/ واشنگٹن (آئی این پی) پاکستان بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہاہے کہ مشترکہ میری ٹائم چیلنجز اور خطرات سے موثر اور بھرپور طریقے سے نمٹنے کے لئے عالمی کاوشوں کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ بدھ کو امریکہ میں منعقدہ انٹرنیشنل سی پاور سمپوزیم سے خطاب کر رہے تھے۔ نیول چیف ان دنوں امریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔ دورے کے دوران نیول چیف نے انٹرنیشنل سی پاور سمپوزیم میں شرکت کی اور ’’بحری قزاقی کی بیخ کنی کو مرکوزِ نظر رکھتے ہوئے مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی‘‘ کے موضوع پر شرکاء سے خطاب کیا۔ دورے کے دوران نیول چیف نے امریکی محکمہ دفاع کے مختلف عہدیداران اور سمپوزیم میں شرکت کرنے والے نیول چیفس سے ملاقاتیں کیں۔ عالمی میری ٹائم فورسز کے سربراہان نے مشترکہ مفادات بشمول میری ٹائم سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے استعداد میں اضافے کے لئے حل کی تلاش، مخصوص اقتصادی زون سروے کرنے کی صلاحیت میں بہتری اور خطے میں میری ٹائم سکیورٹی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات میںشرکت/ کردار ادا کرنے کے نظریئے سے سمپوزیم میں شرکت کی۔ سمپوزیم کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ نے یو ایس سیکرٹری آف نیوی ر ے میبس، یو ایس سی این او اور دیگر نیول اہلکاروں، پاکستان اور افغانستان کے لئے خصوصی نمائندے رچرڈ جی اولسن اور اہم سینیٹرز سے تبادلہ خیال کیا۔