انتہا پسند ہندوئوں کی دھمکیاں شفقت امانت علی کا بنگلور میں کنسرٹ منسوخ پاکستانی اداکاروں کی فلمیں ریلیز ہونے دیں، سلمان خان کا راج ٹھاکرے کو فون

Sep 29, 2016

بنگلور (آئی این پی+ نیٹ نیوز) انتہا پسند تنظیم ایم این ایس کی دھمکیوں کے بعد پاکستانی گلوکار شفقت امانت علی کا بنگلور میں 30 ستمبر کو ہونے والا کنسرٹ منسوخ کر دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اوڑی حملے کے بعد انتہا پسند تنظیم ایم این ایس کی دھمکیوں کے بعد پاکستانی گلوکار شفقت امانت علی کا کنسرٹ کینسل کر دیا گیا۔ شفقت امانت علی کا کنسرٹ ایک ریڈیو سٹیشن کی جانب سے منعقد کرایا جانا تھا۔ علاقائی پولیس نے انتظامیہ کو خط لکھا کہ پڑوسی ملک کے ساتھ کشیدہ تعلقات کے باعث پاکستانی فنکاروں سے متعلق کوئی بھی سرگرمی انجام نہ دی جائے۔ دوسری جانب بالی ووڈ اداکار سلمان خان پاکستانی اداکاروں کی حمایت میں آگے آ گئے ہیں۔ انہوں نے انتہا پسند تنظیم کے سربراہ راج ٹھاکرے کو ٹیلی فون کر کے کہا کہ فواد خان اور ماہرہ خان کی فلموں کی ریلیز میں روڑے نہ اٹکائیں۔ بالی ووڈ اداکار سیف علی خان نے بھی ایک بیان میں کہا کہ کام کرنے کی اجازت کسے دینی ہے اور کسے نہیں یہ فیصلہ حکومت کو کرنا چاہئے۔

مزیدخبریں