تل ابیب (این این آئی)سابق اسرائیلی وزیراعظم اور صدر شمعون پیریز 93 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ۔دو ہفتے قبل وہ فالج کے حملے کا شکار ہوئے تھے اور منگل کو ان کی حالت اچانک بگڑنے سے قبل ان کی صحت میں بہتری دیکھی گئی تھی۔ شمعون پیریز دو بار اسرائیل کے وزیراعظم اور ایک بار صدر کے عہدے پر تعینات رہے۔ ان کا شمار اسرائیلی سیاست دانوں کی اس نسل سے ہوتا تھا جو 1948ء میں اسرائیل کے قیام کے وقت موجود تھے۔ وہ اسرائیل کے خفیہ جوہری پروگرام کے معمار بھی تھے اور 1994ء میں انہیں فلسطینیوں کے ساتھ امن معاہدے میں ان کے کردار پر اسرائیل کے مقتول وزیراعظم اسحاق رابن اور فلسطینی رہنما یاسر عرفات کے ہمراہ امن کا نوبل انعام دیا گیا تھا۔فلسطینی صدر محمود عباس نے پیغام میں ان کے خاندان سے اظہار افسوس کرتے کہا وہ بہادر اور امن بحالی میں حصہ دار تھے۔حماس نے پیریز کو کریمنل قرار دیدیا ہے، فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔بل کلنٹن پیریز کی آخری رسومات میں شرکت کرینگے ٹرمپ نے بھی اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔