لاہور (وقائع نگار خصوصی) سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ کوئی بھی انصاف سے بالا تر نہیں ہے اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش نہ کرنے اور احتساب سے بھاگنے والا چور ہے۔ یہ کیا شوق ہوا مجھے وزیراعظم بناﺅ یہاں کوئی ولی اللہ نہیں جس کو بھی موقع ملے وہ کرپشن کریگا۔ پارلیمنٹ کو اپنی معیاد پوری کرنی چاہئے آج سری نگر سمیت دیگر کرہ ارض پر پاکستان زندہ بار کے نعرے لگائے جا رہے ہیں یہ ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کانتیجہ ہے۔ وہ گذشتہ روز لاہور ہائیکورٹ بار کے کراچی شہدا ہال میں پاکستان عوامی محاذ کے زیر اہتمام سیاسی، صحافی ، و دینی شخصیات کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پاکستان عوامی محاذ کے چیئرمین منظور علی گیلانی، لاہور ہائیکورٹ بارکے صدر رانا ضیاءعبدالرحمان ، احمد اویس ، عام پارٹی کے چیئر مین نسیم صادق ، لاہور بارکے سابق صدر چودھری ذوالفقار سمیت تمام مکتبہ فکر کے لوگوںنے شرکت کی۔ جاوید ہاشمی نے مجید نظامی عبدالستار ایدھی، جسٹس ( ر) ڈاکٹر جاوید اقبال، نوابزادہ نصراللہ خان، معراج خالد، مولانا سید ابو الاعلی مودودی ، ملک محمد قاسم ، بیگم رعنا لیاقت علی خان، حمید الدین مشرقی اور دیگر شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ملک کو بنانے اور سنوارنے میں ان شخصیات نے اپنا اپنا موثر کردار اداکیا۔ انہوںنے کہا کہ ہم بھارت کے مقابلے میں لڑنے کا حوصلہ، طاقت اور برداشت زیادہ رکھتے ہیں۔ 20 سال قبل میں نے پیش گوئی کی تھی ایک دن آئے گا جب روس پاکستان کے ساتھ کھڑا ہو گا وہ دن آج آگیا ہے۔ پاکستان کو جرنیلوں اور سول قیادت نہیں بلکہ اس کی جغرافیائی سرحدوں نے قائم کیا ہے بھارت کو اپنی تجارت بڑھانے کے لیے پاکستان کے آگے گھٹنے ٹیکنے ہوں گے۔ بھارت کے پاس اتنے وسائل نہیںکہ وہ پاکستان کے ساتھ جنگ کر سکے اگر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو وہ 15ٹکڑوں میں تقسیم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے وزراءقوم کے پیسے کو اس طرح ضائع نہ کریں اور اپنی کمائی کو استعمال کریں۔ آج اس امر کی ضرورت ہے کہ پاکستان کی پوری قیادت کو باہمی مشاورت کے ساتھ تبادلہ خیال کرناچاہئے اور پاکستان کے استحکام کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو بھارت کے چنگل سے آزاد کرانا ہو گا۔ پاکستان عوامی محاذ کے چیئر مین سید منظور علی گیلانی نے کہا کہ آج ہم ان کی یاد میں دن منا رہے ہیں جنہوں نے اپنی زندگیاں پاکستان کی سلامتی کے لئے وقف کردیں ملک میں ایک ہی ادارہ ہے وہ پارلیمنٹ ہے جب تک پارلیمنٹ کی بالا دستی نہیں ہو گی‘ عدلیہ کو مکمل آزاد نہیں کیا جائے گا‘ ملک ترقی نہیں کر سکے گا۔ انہوںنے کہا کہ ملک کی تمام تر سروسز کو پاکستان کے تابع ہونا پڑے گا پاکستان کی عوام کو آزادکرنے کے لئے حکمران طبقات کے شکنجہ سے نکالنا ہو گا‘ آج فرقوں کی بنیاد پر پاکستان کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ہمیں اپنی چار پائی کے نیچے دیکھنا ہوگا پارلیمنٹ کی بالادستی کو تسلیم کرنا ہو گا۔ کشمیر کا مسئلہ ہو یا پاکستان کے اندر کے مسائل ہوں انہیں دور کرنے کے لئے عوام کو خوش حال کرنا ہوگا آج عوام کو کچھ دینا پڑے گا‘ مخصوص طبقات کو سرنڈر کرنا پڑے گا چاہے اس میں فوجی جرنیل ہوںانہیں عوام کے سامنے سرنڈر کرنا پڑے گا۔ دیگر مقررین نے کہا کہ پاکستان کو سارے کھا رہے ہیں کوئی بھی یہاں برکت اللہ نہیں ہے پاکستان کی بقاکے لیے ہمیں اپنے آپ کو پیش کرنا ہو گا۔ تقریب میں احمد اویس، نسیم صادق ، ارشد انجم ، بدر ظہور ، سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔
جاوید ہاشمی