وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب، امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، شیطانی منصوبوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: سیاسی عسکری قیادت

سیاسی و عسکری قیادت نے کنٹرول لائن پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھا جائے۔ سرجیکل سٹرائیکس کا بھارتی دعویٰ بے بنیاد ہے۔ مسلح افواج وطن کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اور بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا جس میں بری فوج کے سربراہ نے وزیراعظم کو بتایا کہ بھارت کی طرف سے سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے وزیراعظم کو بتایا کہ بھارت نے کنٹرول لائن پر جارحانہ فائرنگ کی جس کا بھرپور جواب دیدیا گیا۔ انہوں نے کنٹرول لائن کی صورتحال کے بارے میں وزیراعظم کو بتایا اور کہا کہ مسلح افواج کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پوری طرح چوکس ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم کا جذبہ سربلند ہے اور افواج پاکستان کی پشت پر موجود ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ملکی سالمیت اور خود مختاری کو نقصان پہنچانے کے شیطانی منصوبوں کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ہماری مسلح افواج سرحدوں کی حفاظت کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔ ملکی سالمیت اور خود مختاری کو نقصان پہنچانے کے شیطانی منصوبوں کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری پرامن ہمسائیگی کے ویژن کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے ۔ ملکی خودمختاری کے خلاف کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دینا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پرامن ہمسائیگی کی پالیسی کا غلط مطلب نہ لیا جائے۔ انہوں نے بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے جوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہاہے کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کامیاب ہو کررہے گی اور بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ صدر نے لائن آف کنڑول پربھارتی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا بھارت جنگی جنون کوہوا دے کرخطے کے امن کو داو¿ پرنہ لگائے، مسلح افواج غیر ملکی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں جب کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیرمیں مظالم سے توجہ ہٹا نہیں سکتا۔ صدر نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کامیاب ہوکررہے گی۔ وطن عزیزکے دفاع کے لیے عوام اور مسلح افواج یکجان ہیں۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے جمعرات کو علی الصبح بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر پانچ سیکٹروں پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کو بھارت کے سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ بھارتی افواج کی فائرنگ سے پاکستان کے 2فوجی شہید اور 9فوجی زخمی ہوئے۔ پاکستانی افواج نے اسی سکیل میں بھارتی افواج کو جواب دیا اور ان کی کتنی اموات ہوئی ہیں ہمیں اندازہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت فائرنگ نہیں ہو رہی لیکن بھارت کا یہ اقدام اس کے سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے پچھلے چند دنوں سے وہ اپنے عوام اور میڈیا کو مطمئن کرنے کےلئے ایک بات کر رہے تھے۔ وزیر دفاع نے بھارت کو خبردار کیا کہ لائن آف کنٹرول یا سیزفائر لائن کی پھر خلاف ورزی کی گئی تو پاکستانی افواج اس کا منہ توڑ جواب دینگے۔ مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے کہا افواج پاکستان اور عوام بھارتی جارحیت کا جواب دینے کےلئے تیار ہیں۔ سرجیکل سٹرائیکس کا بھارت کو خمیازہ بھگتنا پڑیگا۔ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے کے حالات بہتر نہیں ہو سکتے۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ سب سے بڑے جمہوری ملک کے دعوے دار بھارت کی دہشت گردی کا دنیا نوٹس لے۔وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان موجودہ صورتحال پر تحمل کا مظاہرہ کررہا ہے مودی سرکار مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان پر پریشر بڑھانا چاہتی ہے‘ ہمارے تحمل کے مظاہرہ کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔دریں اثناءوزیر اعظم محمد نواز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس (آج ) جمعہ کو طلب کر لیا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خطے کی صورتحال اور بھارتی جارحیت سے نمٹنے کی حکمت عملی طے کرنے پر بات چیت کی جائے گی۔ وزیر اعظم کابینہ کو دورہ امریکہ سے متعلق اعتماد میں لیں گے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم کو دفاع اور خارجہ امور سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن