پاکستان کیساتھ کشیدگی کم، مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا جائے: کیری کا سشما سوراج کو فون

پاکستان بھارت کشیدگی میں امریکہ بھی میدان میں آگیا۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بھارتی ہم منصب سشما سوراج سے رابطہ کرکے پاکستان کیساتھ کشیدگی بڑھانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیدیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بھارتی ہم منصب سشما سوراج سے فون پر رابطہ کیا ہے اور انہیں خبردار کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کشیدگی کو کم کیا جائے اور مذاکرات کاسلسلہ شروع کیا جائے ۔ امریکی وزیر خارجہ کا یہ پچھلے 2روز کے دوران سشما سوراج سے دوسرارابطہ ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا اوڑی حملے کے بعد امریکہ کی جانب سے اعلی سطح پر بھارت کے ساتھ یہ پہلا رابطہ ہے۔ اس سے قبل امریکی مشیر قومی سلامتی سوزن رائس نے کہا پاکستان کے خلاف بھارت کی مہم سے خطے میں امن وامان کا توازن بگڑرہا ہے لہذا بھارت خطے میں تناو نہ بڑھائے۔مشیر قومی سلامتی سوزن رائس نے بھارتی ہم منصب اجے ڈیول کو ٹیلی فون کرکے اوڑی حملے پر تبادلہ خیال سمیت حملے کی مذمت کی۔ اس موقع پر سوزن رائس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف بھارت کی مہم سے خطے میں امن بگڑ رہا ہے۔ امریکی وزیرخارجہ نے بھارتی ہم منصب کو دوبارفون کرکے انتباہ کیا کہ کشیدگی کو مزید ہوا نہ دی جائے۔بھارتی میڈیا کے مطابق سوزن رائس نے کہا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ پاکستان لشکر طیبہ سمیت ہر اس کالعدم تنظیم کے خلاف کارروائی کرے گا جسے اقوام متحدہ کی جانب سے دہشت گرد قرار دیا جاچکا ہے۔ امریکی صدر اوباما اس عزم پر قائم ہیں کہ دنیا بھر میں دہشتگردی کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن