اسلام آباد( وقائع نگارخصوصی)پیپلزپارٹی نے تحریک انصاف اور ایم کیوایم کی قربتوںپر سوالات اٹھادیئے۔ چوہدری منظور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور ایم کیوایم کا ملاپ کس نے کرایا؟ عمران خان کس کے اشارے پر اچانک ایم کیوایم کے قدموں میں جا گرے؟ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کا ہاتھ ملانا سادہ معاملہ نہیں۔ جمہوری قوتوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان چوہدری منظور نے ایک بیان میں کہا کہ وہ کون سی طاقت ہے جس کے کہنے پر پی ٹی آئی نائین زیرو چل کر گئی؟ لگتاہے کہ عمران خان پھر کسی کی انگلی کے اشارے پر چل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی تاریخ کا سب سے بڑا مک مکا پی ٹی آئی اور ایم کیوایم کے درمیان ہونے جارہا ہے۔ ایک مہینے پہلے شاہد خاقان عباسی کو ووٹ دینے والی ایم کیوایم عمران خان کی ڈارلنگ بن گئی۔چوہدری منظور نے کہا کہ پیپلزپارٹی آئین اور قانون کے مطابق اپوزیشن لیڈر کا منصب نبھا رہی ہے۔ عمران خان نمبرز گیم پوری نہیں کررہے بلکہ کسی کا کھیل رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف اور ایم کیوایم کے استعفے خورشید شاہ نے واپس کروائے۔ دونوں نے اچھا صلہ دیا، حالات بتا رہے ہیں کہ سامنے کچھ اور پس پردہ کچھ اور ہے۔