کراچی (سٹاف رپورٹر) سابق صدر آصف علی زرادری کی اچانک وطن واپسی سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گئی۔ آصف زرداری ایک ایسے موقع پر وطن واپس آئے ہیں کہ سابق وزیراعظم نواز شریف بھی پاکستان میں ہیں اس دوران نئے چیئرمین نیب کی تقرری ہونا ہے اس تقرری کے لئے ویسے تو پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ کے اندر مشاورت جاری ہے لیکن جلد ہی دونوں جماعتوں کو مل بیٹھنا ہے کیونکہ دونوں جماعتوں کو مشاورت سے نئے چیئرمین کا تقرر ہوگا۔ ان دنوں دونوں عنصر نمایاں ہیں لیکن اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ مسلم لیگ کے بہت نزدیک ہیں اور محمد نواز شریف کے آدمی کہلاتے ہیں۔ اس لئے مشاورت بہت اچھے ماحول میں ہوگی اور خوش اسلوبی سے معاملات طے ہو جائیں گے۔ اس ضمن میں دونوں جماعتوں کے مشترکہ دوست سرگرم ہیں۔ اس وقت دونوں جماعتیں نیب سے نالاں ہیں ۔ سینٹ میں انتخابی اصلاحات بل کی منظوری کے بعد پیپلزپارٹی پر ایک بار پھر فرینڈلی اپوزیشن کا الزام لگ رہا ہے۔ سیاسی حلقوں کا دعویٰ کہ آصف علی زرداری کو خاموش منظوری کے بغیر بل پاس نہیں ہو سکتا ہے۔ پیپلزپارٹی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ جمہوریت کے تسلسل پر دونوں جماعتوں کا اتفاق رائے موجود ہے۔