نیویارک (اے پی پی) پاکستان نے غیرامتیازی جوہری تخفیف کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جوہر تخفیف کے عالمگیر، غیرامتیازی اور قابل تصدیق مقاصد و اہداف کے حصول کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب خلیل ہاشمی نے جوہری ہتھیاروں کے مکمل خاتمہ کے بین الاقوامی دن کے موقع پر جنرل اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں پاکستان سمیت 46 ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاءنے جزیرہ نما کوریا کی صورتحال کے تناظر میں ہر قسم کے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کیلئے سیاسی عزم کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستانی مندوب نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان تخفیف اسلحہ اور جوہری عدم پھیلاﺅ کی چیلینجوں سے نمٹنے کیلئے صاف وشفاف اور منصفانہ کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہاکہ افسوس کی بات ہے کہ بعض ممالک اپنے فائدے اور دوسروں کے نقصان کے نظریہ پر عمل پیرا ہوکر ایسے اقدامات کا مطالبہ کررہے ہیں جو ان کی سلامتی کیلئے تو مفید ہیں لیکن اس سے دوسروں کی سلامتی کے تقاضوں کو زیادہ خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، اس طرح کے امتیازی طرزعمل سے ہتھیاروں کی تخفیف کی عالمگیر کوششیں کمزور ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی جمہوریہ کوریا کو سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے اپنے جوہری پروگرام کو ختم کرنا چاہئے، حالیہ جوہری دھماکہ سے اس طرح کی سرگرمیوں سے بچنے کی ضرورت مزید اجاگر ہوئی ہے۔ پاکستان کی جانب سے خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک زون بنانے کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہماری بہترین کوششوں کے باوجود اس میں کامیابی نہیں ملی، انہوں نے جوہری عدم پھیلاﺅ اور جوہری تجربات پر پابندی کے معاہدے کیلئے اضافی اقدامات اور اس کے عملی نفاذ کی ضرورت پر زور دیا، اس ضمن میں علاقائی اور بین الاقوامی کوششیں ہونی چاہئے اور ساتھ میں یکسانیت ہونی چاہئیے۔
جوہری عدم پھیلاﺅ، تجربات پر پابندی کیلئے علاقائی، عالمی کوششیں ہونی چاہئیں: پاکستانی مندوب
Sep 29, 2017