حکومت سیاحت کی صنعت کی ازسر نو ترویج و ترقی کیلئے پر عزم ہے: بلیغ الرحمن

Sep 29, 2017

راولپنڈی (نوائے وقت نیوز)موجودہ حکومت سیاحوں کو عمدہ سہولیات فراہم کرنے اور سیاحت کی صنعت کی ازسر نو ترویج و ترقی کیلئے پر عزم ہے جس سے نہ صرف معیشت میں بہتری آئے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بھی بلند ہوگا۔ ان خیالات کا اظہاروفاقی وزیر برائے تعلیم اور ٹیکنیکل ٹریننگ انجینئر بلیغ الرحمن نے پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کے منعقد کردہ عالمی یوم سیاحت سیمینار اور تصویری نمائش کے موقع پر تقریر میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم سیاحت کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں اورانفراسٹرکچر کی بہتری سے سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یوم سیاحت ہر سال 27ستمبر کو اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ برائے سیاحت کے مرتب کردہ عنوان کے تحت منایا جا تا ہے ۔ اس سال کا عنوان " پائیدار سیاحت۔ ترقی کا ایک ذریعہ " ) Sustainable Tourism - A tool for development (پاکستان کے حوالے سے اس لئے بھی اہم ہے کیونکہ چین اور پاکستان کے مابین اقتصادی راہداری کا قیام زیر تکمیل ہے۔ اس ضمن میں کوئی دو رائے نہیں کہ سیاحت کی صنعت کی دیرپا ترقی زر مبادلہ حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے جس سے غربت میں کمی، روزگار کی فراہمی اور ملک کے مختلف حصوں میں رہنے والے افراد کے مابین تعلق کو فروغ ملتا ہے۔ پاک و چین راہداری کے قیام کے ثمرات جغرافیائی قیود سے آزاد ہیں۔ اس کے قیام سے دونوں ملکوں کے مابین نہ صرف سیاحت بلکہ معیشت، ٹیکنالوجی، اطلاعات و مواصلات کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ یہ صرف ایک سڑک کا نام نہیں بلکہ پاکستان کی ملکی معیشت و سا لمیت کی ضمانت ہے جو کہ مستقبل میں دنیا کے بہترین ممالک میں شمار ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتر ی کے باعث بہت سے عوامل میں تبدیلی آ رہی ہے جس میں غیر ملکی سیاحوں کی پاکستان آمد میں اضافہ بھی شامل ہے۔ حکومت پی ٹی ڈی سی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے کئی اقدامات کر رہی ہے تا کہ اسے مؤثر قومی سیاحتی ادارہ بنایا جا ئے۔ اس ضمن میں پی ٹی ڈی سی ایک کلیدی کردار ادا کرے گی جس میں بین الصوبائی روابط، سیاحت کی ملکی و بین الاقوامی سطح پر ترویج، منصوبہ بندی و ریسرچ اور پالیسی کے اجرا سے متعلق امور اس ادارے کے زیر نگرانی ہوں گے۔ ان حالات کے تناظر میں میرا وعدہ ہے کہ پاکستان دنیا ئے سیاحت میں روشن ستارہ بن کر ابھرے گا۔ سیاحت کے فروغ کیلئے ہماری حکومت مناسب اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ سیاحوں کوسہولیات فراہم کرنے کیلئے پی ٹی ڈی سی کے موٹلز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ نئی ٹرانسپورٹ متعارف کروائی گئی ہے۔ پی ٹی ڈی سی کے زیر ِ تکمیل منصوبہ جات کی تکمیل کی جائے گی تاکہ ادارے کی آمدن میں اضافہ ہواور اسلام آباد میں ایوان ِ سیاحت کی تعمیر کی جائے گی۔ ڈومیسٹک ٹورازم کے فروغ کیلئے اسلام آبادم تربیلہ اور خانپور سمیت دیگر مقامات پر واٹر سپورٹس کی سہولیات قائم کی جائیں گی۔ بدھ مت سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی پاکستان آمد میں اضافے کیلئے ایسے ممالک کے سفیروں اور غیر سرکاری اداروں سے رابطے جاری ہیں۔ ملکی سیاحتی مقامات کی مؤثر ترویج کیلئے مقامی و غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں کا مختلف مقامات پر معلوماتی دورہ کروایا جائے گا۔ اس کے علاوہ ملکی و بین الاقوامی سیاحتی ایونٹس میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔ پاکستان میں سیاحت کے فروغ ، ترقی اور بحالی کیلئے بین الاقوامی اداروں سے بھی تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سیاحت (یو این ڈبلیو ٹی او) اور پیسیفک ایشیا ٹریول ایسوسی ایشن (پاٹا)سے باقاعدہ درخواست کی گئی ہے کہ وہ پاکستان کیلئے دوسرے ممالک کی منفی ٹریول ایڈوائزریزکو نرم کرنے کیلئے اورسیاحت کی ترقی کیلئے معاشی اور تکنیکی معاونت فراہم کریں جیسا کہ وہ دوسرے ممالک کے سلسلے میں کر رہے ہیں۔ ایم ڈی ٹورازم چوہدری عبدالغفور نے ذاتی طور پر کئی بین الاقوامی فورمز میں شرکت کے دوران اس نکتے کو اٹھایا ہے اور قوی امید ہے کہ اس ضمن میں مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی کی جانب سے عالمی دن کا پیغام علی اکبر ملک جنرل منیجر نے پڑھا جس میں انہوں نے کہا کہ سیاحت کئی ملکوں کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ یہ وہ واحد شعبہ ہے جس سے امن و آشتی کا پیغام دنیا بھر میں پھیلایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر مہمان مقررین نے ملک میں عالمی یو م سیاحت کے عنوان پر تقاریر اور پریزنٹیشن پیش کیں۔ مہمان مقررین میں سسٹین ایبل ٹورازم فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر آفتاب الرحمن رانا، ،سید سجاد حسین شاہ، صدر پاکستان ایسوسی ایشن آف ٹور آپریٹرز، اور پی ٹی ڈی سی بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبر عرفان اللہ بیگ تھے۔ تصویری نمائش کا افتتاح جناب بلیغ الرحمن نے کیا جس کااسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز سے طلباء وطالبات کے علاوہ بڑی تعداد میں شہریوں نے دورہ کیا اور اس اہتمام کو سراہا۔ یہ نمائش 28ستمبر تک جاری رہے گی۔ پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر چوہدری عبدالغفور خان اس وقت ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل طالب رفاعی کی دعوت پر قطر کے دورے پر ہیں جہاں وہ عالمی یوم ِ سیاحت کی سرکاری تقریبات کے ہائی لیول تھنک ٹینک میں بطورمہمان سپیکر شرکت کریں گے۔ اس تھنک ٹینک کا مرکزی فوکس ترقی پذیر ممالک میں سیاحت کی ترقی و ترویج ہے۔ قطر کے دورے کے دوران چوہدری غفور سکریٹری جنرل یو این ڈبلیو ٹی او سے ملاقات کریں گے اور انہوں بین الاقوامی کانفرسز پاکستان میں منعقد کرانے کی دعوت دیں گے۔ اس سلسلے میں ایم ڈی کی ایک ملاقات رواں سال اسپین میں بھی ہو چکی ہے جس میں کانفرنسز پاکستان میں منعقد کروانے پر تبادلہ خیال ہو چکا ہے۔ اس کے علاو ہ وہ قطر ی سیاحتی ادارے میں اپناہم منصب سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے مابین سیاحتی روابط میں تیزی لائی جائے۔

مزیدخبریں