اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) بری فوج میں اعلیٰ سطح پر تبادلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں متعین انسپکٹر جنرل برائے آرمز لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کو کمانڈر سدرن کمانڈ مقرر کر دیا گیا ہے۔ اس کمانڈ کے موجودہ سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کو لاہور کا نیا کور کمانڈر مقرر کر دیا گیا ہے۔ موجودہ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کو جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل آرمز تعینات کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ‘ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’’آئی ایس پی آر‘‘کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ دو روز پہلے بری فوج کے نئے سرجن جنرل اور ایس پی ڈی کے نئے ڈی جی کا بھی تقرر کیا گیا تھا۔