پشاور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان پشاور پہنچ گئے۔ انہوں نے سی ایم ہاﺅس میں خیبر پی کے کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں کابینہ کی ایک ماہ کی کارکردگی اور 100 روزہ پلان کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت خیبر پی کے کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گورنر ہاﺅس کو ہر اتوار کے روز عوام کیلئے کھولا جائے گا۔ فیصلے پر عملدرآمد آئندہ اتوار سے ہو گا۔ خیبر پی کے بلدیاتی نظام میں اصلاحات کا فیصلہ کیا گیا۔ بلدیاتی نظام میں تحصیل ناظم براہ راست منتخب ہو گا۔ وزیراعظم نے قلعہ بالاحصار کو عوام کیلئے کھولنے کی ہدایت کرتے کہا کہ وزارت داخلہ قلعہ بالاحصار کو جلد عوام کیلئے کھولنے کے اقدامات کرے۔ اجلاس میں خیبر پی کے اور قبائلی اضلاع میں ایک ساتھ بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کیلئے ضروری قانون سازی کرے، صوبے اور قبائلی اضلاع میں انصاف کی فراہمی کیلئے عدالتی اصلاحات کی جائیں، گورنر کی سربراہی میں ٹاسک فورس اس حوالے سے کام تیز کرے۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ضلع کونسل کی جگہ تحصیل اور ٹاﺅن کی سطح پر کونسلز ہونگی۔ اجلاس میں پولیس کا نظام قبائلی اضلاع میں نافذ کرنے پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے اجلاس کو بلدیاتی نظام میں تبدیلیوں سے متعلق آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تحصیل اور ٹاﺅن ناظمین براہ راست عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونگے۔ بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ ویلج اور نیبرہڈ کونسلز کے ارکان کی تعداد 5 ہو گی۔ ویلج اور نیبرہڈ کونسل کا چیئرمین تحصیل اور ٹاﺅن کونسل کا رکن ہو گا۔ اجلاس میں فاٹا میں بلدیاتی انتخابات اور حلقہ بندیوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔گورنر خیبر پی کے شاہ فرمان نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق اتوار کے روز گورنرہا¶س کو عوام کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مزید برآں وزیراعظم عمرن خان نے ضمنی الیکشن میں پارٹی کے قومی اور صوبائی امیدواروں کا اجلاس آج دوپہر 3بجے بنی گالہ میں طلب کر لیا ضمنی انتخابات 14 اکتوبر کو ہوں گے۔
خیبر پی کے کابینہ