آرمی چیف نے 11 دہشت گردوں کو سزائے موت کی توثیق کر دی

Sep 29, 2018

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر+آئی این پی ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 11 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی، دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں اور تخریب کاری میں ملوث ہیں، دہشت گرد مجموعی طور پر 49 سویلین اور 20 مسلح فورسز کے اہلکاروں سمیت 69 افراد کے قتل میں ملوث تھے۔ جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث 11 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے، تعلیمی اداروں کو تباہ اور معصوم شہریوں کو قتل کرنے سمیت دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں ملوث تھے۔ دہشت گردوں نے 69 اہلکاروں اور شہریوں کو شہید کیا جبکہ 148 اہلکار اور شہری زخمی بھی ہوئے۔آرمی چیف کی جانب سے جن دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کی گئی ان میں عین اللہ، نائیک ولی، فضل منان، رحمت زادہ، زید محمد، نعمت اللہ، مسین زادہ، محمد رحمن، عظمت اللہ، محمد رقیم، اکرام خان شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔ جن کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ دہشت گردوں نے فوجی عدالتوں میں جرائم کا اعتراف کیا اور جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کا حکم دیا گیا تھا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا چار دیگر دہشت گردوں کومختلف سزائیں بھی سنائی گئی ہیں۔

آرمی چیف/ توثیق

مزیدخبریں