سرائے عالمگیر، گجرات، سوہدرہ (نامہ نگاران) گجرات میں پہلے نہر عبور کرنے کی شرط طالب علم کی جان لے گئی۔ فرسٹ ائر کا طالب علم آصف گورنمنٹ کالج جہلم کا طالب علم ہے۔ وہ اپنے دیگر چار ساتھیوں کے ساتھ نہر اپر جہلم میں نہانے گیا تھا جہاں پانچوں طلبہ نے نہر عبور کرنے کی شرط لگائی جس پر آصف نے چھلانگ لگا دی جبکہ دیگر ساتھی فرار ہوگئے۔ آصف کی نعش کا تلاش کا رات گئے تک جاری رہا۔ دریں اثنا سوہدرہ کے نواحی قصبہ چک ستیا کا 22سالہ نوجوان بھینسیں نہلاتے ہوئے نالہ ایک میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ رات گئے تک ریسکیو 1122 کی ٹیمیں نعش کو تلاش کرنے میں مصروف رہیں۔ ثناء اللہ کھرل نالہ ایک کے قریب بھینسیں چرا رہا تھا کہ واپسی پر اس نے بھینسوں کو نہلانے کے لئے نالہ ایک میں ہانک دیا۔ نوجوان تیراکی نہیں جانتا تھا پانی گہرا ہونے کے باعث وہ پانی کی تیز لہروں کی نذر ہو گیا جسے قریبی ڈیرہ والوں نے ڈوبتے ہوئے دیکھا تو شور مچا دیا۔ نوجوان کی تلاش رات گئے تک تلاش جاری رہی۔ مرحوم چار بہنوں کا اکیلا بھائی تھا۔ بیٹے کے ڈوبنے کی اطلاع ملنے پر والد غم سے نڈھال اور والدہ پر غشی کے دورے پڑ رہے ہیں۔