مری+اسلام آباد (نامہ نگار+این این آئی ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستانی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی2‘ دیکھی۔ انہوں نے فلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یہ فلم بہت پسند آئی ہے۔ ہمایوں سعید اور فہد مصطفی کی فلم جوانی پھر نہیں آنی2 جہاں پاکستانی شائقین کی امیدوں پر پوری اتری ہے وہیں اس فلم نے صدر ڈاکٹر عارف علوی کا دل بھی جیت لیا۔ صدر عارف علوی نے ٹوئٹر پر فلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کل فلم جوانی پھر نہیں آنی 2 دیکھی، فلم بہترین ہے، پاکستانی سینما بہتری کی جانب بڑھ رہا ہے۔ دریں اثنا جمعہ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی شہید کیپٹن جنید کے گھر گئے، اس موقع پر انہوں نے شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد شہید کی قبر پر حاضری دی اور درجات کی بلندی کےلئے دعا بھی کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ واضح رہے کہ کیپٹن جنید شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہوئے تھے۔ صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ کراچی شہر کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں، بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے بجلی چوری اور لائن لاسز پر قابو پایا جائے، بجلی کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ جمعہ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے کے الیکٹرک کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفد نے کراچی شہر کی بجلی ضروریات اور سسٹم بہتر بنانے کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
صدر عارف علوی