لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ حکمران کشکول توڑنا چاہتے ہیں تو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے سودی قرضے لینا چھوڑ دیں۔ پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنانے والی بات محض سیاسی نعرہ نہیں ہونی چاہیے۔ تمام فوجداری اور دیوانی قوانین قرآن و سنت کے مطابق بنائے جائیں۔ عملی طور پر اسلامی شریعت نافذ کر کے مسلم معاشرہ تشکیل دیا جائے۔ ملک کو مضبوط و مستحکم بنانے کیلئے جرأتمندانہ پالیسیاں ترتیب دینا ہوں گی۔ اغیار کی غلامی سے ملک کا بہت نقصان ہوا‘ یہ سلسلہ بند کرنے کی ضرورت ہے۔ جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ صحیح بخاری اور دیگر احادیث کی کتب کا مطالعہ کیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ اللہ کے رسولﷺ نے مدینہ کی معاشرت کس طرح قائم کی تھی۔ سعودی عرب اس وقت پاکستان کی معیشت بہتر بنانے کیلئے مدد کر رہا ہے۔ حکمران اغیار کی غلامی چھوڑکر جرأت و استقامت کا مظاہرہ کریں اور مضبوط پالیسیاں ترتیب دیں اللہ تعالیٰ مزید راستے کھولے گا۔ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے حاصل کیا گیا۔ ہمیں اس ملک میں کتاب و سنت سے الگ قوانین نہیں بنانے۔ حکمرانوں و سیاستدانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے حلف کی پاسداری کریں۔ فوجداری اور دیوانی قوانین قرآن و سنت کے مطابق بنا دیئے جائیں تو قانون دان طبقہ انگریزی قانون کی طرح قرآن و حدیث کابھی مطالعہ کرے گا اور اس سے بہت سے معاملات کی اصلاح ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ سیاستدانوں و حکمرانوں نے ماضی میں جس طرح بیرونی قوتوں کی خوشنودی کیلئے پالیسیاں مرتب کیں اس سے ملک کا بہت نقصان ہوا۔ اگر موجودہ حکمران بھی سابقہ پالیسیوں پر عمل پیرا رہے تواس کا نتیجہ مختلف نہیں ہو گا۔