لاہور (سپیشل رپورٹر) چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی نے ہدایت کی ہے کہ پانی کے ضیاع کو روکنے اور اسکے باکفایت استعمال سے متعلق ٹھوس لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پانی کی بڑھتی ہوئی قلت پر قابو پانے کیلئے ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے۔ سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب نے مینیجنگ ڈائریکٹر واسا زاہد عزیز کو ہدایت کی کہ بارش کے پانی کو قابل استعمال بنانے کیلئے ماڈل تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گھروں میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے ٹینکس کی تعمیر سے متعلق بلڈنگ بائی لاز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر ذمہ دارانہ استعمال سے بڑی تعداد میں پانی ضائع ہوتا ہے، عوام میں پانی کی بچت کے حوالے سے شعور و آگاہی بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کو ہدایت کی کہ تمام پارکس کی دیکھ بھال اور وہاں پر پانی کی بچت کے حوالے سے مقامی لوگوں پر مشتمل کمیٹیاں قائم کی جائیں تاکہ وہ شراکت داری کے احساس کیساتھ محنت اور جذبے سے کام کریں۔ انہوں نے حکم دیا کہ سروس سٹیشنز پر پانی کا ضیاع روکنے کیلئے انہیں ری سائیکلنگ پلانٹس کی تنصیب کا پابند بنایا جائے۔