لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ علامہ قاری محمد زوار بہادر نے حضرت پیر سید چراغ علی شاہ کے عرس کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ اولیاء اللہ کے آستانے رشدوہدایت کے سرچشمہ ہیں ۔اولیاء اللہ نے لوگوں کے دلوں میں رسول اکرم ﷺ کی محبت کے ایسے چراغ روشن کیے جن کی روشنی سے پاک و ہند کا چپہ چپہ روشن ہے ۔ تقریب کی صدارت صاحبزادہ پیر سید ذیشان المجتبیٰ ضیاء الحسن نے کی تقریب سے مفتی تصدق حسین ،مولانا الطاف نقشبندی ،سرور حسین نقشبندی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔علامہ قاری محمد زوار بہادر کا کہنا تھا کہ سید الشہداء امام حسین ؓ کی شہادت دین اسلام کی حفاظت اور اُمت کے اتحاد کے لئے بڑی سے بڑی قربانی کا درس دیتی ہے انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کی یاد منانے والے اتحادو اتفاق اور صبر کا دامن مضبوطی سے تھامے رکھیں ۔سیدنا امام حسینؓ نے قیامت تک آنے والے مسلمانوں کو درس دیا کہ جب رسول اللہ کے نظام میں کوئی نقب لگانے یا احکامات خدا و رسول کا مذاق اڑانے کی کوشش کرے تو اس کے مقابلے کے لئے میدان عمل میں نکل آنا چاہیے اور پوری قوت سے اس کے خاتمے کے لئے جدوجہد کرنی چاہیے۔