ملتان (سماجی رپورٹر) وزارت توانائی کی ہدایات پر بجلی چوری کے خلاف سخت کاروائی کا آغازکردیاگیاہے ۔ زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں نئے سرے سے چیکنگ اور پولیس کے ہمراہ کاروائی کی جائے گی جہاں ملازمین کے ملوث ہونے کے ثبوت ملیں انہیں کیفرکردار تک پہنچایاجائیگا۔ یہ بات چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکوا نجینئر محمد اکرم چوہدری نے سپریٹنڈنگ انجینئرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سرکل انچارج کے طورپران پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ وزارت کی جانب سے دئیے گئے اہداف حاصل نہ کرنے پر سپریٹنڈنگ انجینئرز جوابدہ ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے حالیہ اجلاس میں ہدایات جاری کی ہیں کہ تقسیم کار کمپنیوں میں شفافیت کے عنصر کو مقدم رکھاجائے ۔صارفین کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں ۔ بجلی چوری کے خلاف جہاد کیاجائے اور اسے اولین ترجیح بنایاجائے ۔ تمام افسران صارفین کے ٹیلی فون اٹینڈ کریں ۔ وزارت توانائی کے اعلیٰ حکام خود بھی کال کرکے چیک کرنیکا سلسلہ شروع کرنے جارہی ہے ۔ افسران کھلی کچہریاں لگائیں تاکہ صارفین کے مسائل فی الفور حل کئے جاسکیں ۔
زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں نئے سرے سے کارروائی کی جائیگی : چیف ایگزیکٹو میپکو
Sep 29, 2018