ریبیز سے بچاؤ کا عالمی دن، این آئی ایچ کے زیراہتمام واک

Sep 29, 2018

اسلام آباد(نا مہ نگار)قومی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عامر اکرام نے کہا ہے کہ وزارت صحت اور قومی ادارہ صحت نے ریبیز کو ترجیحی مہلک بیماریوں کی فہرست میں رکھا ہوا ہے ، اس بیماری کے حوالے سے ملک بھر میں نگرانی کا نظام بھی وضع کیا جارہاہے، ریبیز بیماری سے بچاکے لیے صوبوں کا تعاون اور روابط ناگزیر ہیں، قومی ادارہ صحت کتے کی کاٹے کی ویکسین تیار کررہاہے، یہ ویکسین سرکاری اسپتالوں اور ڈسپنسریوں کو ان کی ڈیمانڈ کے مطابق مہیا کی جاتی ہے۔ وہ جمعہ کو قومی ادارہ صحت کے زیر اہتمام ریبیز سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی واک سے خطاب کر رہے تھے۔قومی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق اس وقت دنیا بھر میںریبیز مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد دوکروڑ 90 لاکھ ہے ،پاکستان میں کتے ،بلی ،لومڑی جیسے جانوروں کے کاٹنے سے ہر سال 5ہزار افراد اس مرض کا شکار ہوتے ہیں اور اکثرموت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ ریبیز دراصل باؤلے کتے،بلی اور لومڑی کے کاٹنے سے انسان میں پھیلنے والی ایک وائرل بیماری ہے جو دماغ کی سوجن کا سبب بنتی ہے۔قومی ادارہ صحت کے مطابق ہر سال پانچ ہزار پاکستانی اس مرض کا شکار ہوتے ہیں۔

مزیدخبریں