ٹرمپ فون سکینڈل میں نام آنے پر یوکرائن میں امریکی نمائندہ خصوصی مستعفی

Sep 29, 2019

واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سییوکرائن کے صدر کو ٹیلی فون کال کے سکینڈل میں نام سامنے آنے پر امریکی نمائندہ خصوصی برائے کیوو کرت واکر اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔ٹرمپ کے ٹیلی فون اسکینڈل سے متعلق افشا ہونے والی معلومات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ کرت واکر نے یوکرین کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ کس طرح سے ڈونلڈ ٹرمپ کے مطالبات پر عمل کرنا ہے۔امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے کرت واکر کو اگلے ہفتے پیش ہو کر وضاحت پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔کرت واکر ایک سینئر سفارتکار ہیں اور انہیں سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کے دور میں نیٹو میں امریکا کا سفیر بھی مقرر کیا گیا تھا۔کمیٹی کی جانب سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کی جانب سے کمیٹی کے روبرو پیش ہونے سے انکار کو مواخذے کی کارروائی میں رکاوٹ تصور کیا جائے گا۔تاہم اب اطلاعات ہیں کہ کرت واکر نے امریکی نمائندہ خصوصی برائے یوکرین کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے لیکن امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے اس حوالے سے کسی قسم کا بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

مزیدخبریں