ساہیوال (نمائندہ نوائے وقت) پرنسپل میڈیکل کالج ساہیوال کے رویہ کے خلاف احتجاج کر تے ہوئے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال اور میڈیکل کالج کے 41 سینئر پروفیسروں فیکلٹی ممبران اور113جونئیر ڈاکٹرز مستعفی ہو گئے۔ ڈاکٹروں نے اجتماعی استعفیٰ سیکرٹری ہیلتھ کے نام بھیج دئے ہیں۔ ڈاکٹروں کے تر جمان پروفیسر ہارون گیلانی کے مطابق ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹروں سے خالی اور او پی ڈی بند رہے گی۔ پرنسپل میڈیکل کالج نے چند روز قبل چلڈرن وارڈ سے اغوا ہو نے والی بچی کے ایشو پر چار ڈاکٹروں اور تین نر سوں کو معطل کیا تھا۔ اس اقدام کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے ڈاکٹرز کا بنیادی مطالبہ پر نسپل ساہیوال میڈیکل کالج کا استعفیٰ ہے جبکہ تمام ڈاکٹرز اور نر سز کے خلاف انتقامی کاروائیوں کے تمام نو ٹسز کو واپس لیا جائے۔ وارڈ سے بچے کا اغوا ہونا جس کی ذمہ داری ہے ملبہ اس پر ڈالا جائے۔ پرنسپل کے استعفیٰ تک احتجاج جاری رکھا جائے گا ۔ بدھ کے بعد احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کر دیا جائے گا۔
پرنسپل کے رویہ کیخلاف ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے 41 پروفیسر‘ 113 ڈاکٹرز مستعفی
Sep 29, 2019