پہلی ڈیف پٹینگولر کرکٹ لیگ: پنجاب نے بلوچستان کو ہرا دیا

لاہور( نمائندہ سپورٹس) پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ہونے والی پہلی ڈیف پٹینگولر لیگ میں پنجاب نے بلوچستان کو شکست دیدی جبکہ سندھ اور کے پی کے کا میچ بارش کی وجہ سے نہ ہو سکا۔ لاہور میں جاری لیگ میں ہفتہ کے روز پہلا میچ پنجاب اور بلوچستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پنجاب ٹیم نے 8 وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کی۔ اس میچ میں بلوچستان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر 105 رنز سکور کیے۔ بلوچستان کی طرف سے بلال یوسف نے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں ولید اسلم نے 22 اور شازل ریاض نے 16 رنز سکور کیے۔ پنجاب کی جانب سے باولنگ میں جبار علی نے تین، اشفاق حیدر اور ایم شکیل نے دو دو کھلاڑیوڈں کو آوٹ کیا۔ جواب میں پنجاب ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا کر میچ 8 وکٹوں سے جیت لیا۔ پنجاب ٹیم کی جانب سے جبار علی نے ناقابل شکست 60 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اشفاق حیدر نے 25 نمایاں رنز بنائے۔ بلوچستان کی جانب سے باولنگ میں دونوں وکٹیں شاہد بٹ کے حصے میں آئیں۔ میچ کے اختتام پر پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلمان ظہیر نے پنجاب ٹیم کے جبار علی کو مین آف دی میچ کا ایواڈ دیا۔ دوسرا میچ کے پی کے اور سندھ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانا تھا تاہم تیز موسلادھار بارش کی وجہ سے میچ کا انعقاد ممکن نہ ہو سکا۔ دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیدیا گیا۔ ٹورنامنٹ شیڈول کے مطابق آج اتوار کو بھی دو میچ کھیلے جائیں گے جس میں پہلا میچ کے پی کے اور بلوچستان کی ٹیموں کے درمیان جبکہ دوسرے میچ میں سندھ اور فیڈرل ایریا کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی۔

ای پیپر دی نیشن