ہنگو، پرانی دشمنی کا شاخسانہ، مسافر کوچ پر مخالفین کی فائرنگ، 6 جاںبحق، 4 زخمی

Sep 29, 2019

ہنگو (نوائے وقت رپورٹ) ہنگو کے علاقے زرگیری میں مسافر کوچ پرفائرنگ سے چھ افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق زرگیری میں مسافر کوچ پر فائرنگ مخالف گروپ کے افراد کی جانب سے کی گئی۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے چار افراد اور لاشوں کو ڈی ایچ کیو منتقل کیا جا رہا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔ ملزمان کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ہنگو کے علاقہ زرگیری میں ذاتی دشمنی پر مخالفین کی فلائنگ کوچ پر اندھا دھند فائرنگ، ایک بچے اور خاتون سمیت 6افراد قتل 4 زخمی، زخمیوں میں سے دو کو تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پولیس اور ایس ایچ او دوآبہ مجاہدحسین کے مطابق مقتولین اپنے مخالفین کے ساتھ ہنگو ضلعی کچہری میں پیشی بھگتنے کے بعد فلائنگ کوچ میں واپس اپنے گائوں شمشادین بانڈہ جا رہے تھے کہ دوآبہ پولیس سٹیشن کے حدود میں واقع زرگیری کے مقام پر پہلے سے تاک میں بیٹھے مسلح افراد نے فلائنگ کوچ پر اندھا دھند فائرنگ کی، فائرنگ کے نتیجے میں کوچ میں سوار 6افراد حبیب اللہ ولد سلطان محمد طفیل ولد حاجی بادشاہ بادشاہ ولد زربادشاہ مومین ولد ثواب خان زوجہ طالب خان رستم جاں بحق ہو گئے جبکہ 4افراد طالب خان ولد مومین حبیب ولد حبیب خان شوکت ولد مصری خان اور ایک خاتون زخمی ہو گئے۔ زخمیوں اور مرنے والوں کو شہید فرید خان ڈسٹرکٹ ہسپتال ہنگو منتقل کر دیا گیا جہاں سے دو زخمیوں کو تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کر دیا گیا۔ ایس ایچ او دوآبہ مجاہد حسین کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی ہے تاہم ابھی تک ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ۔

مزیدخبریں