نیو یارک (صباح نیوز) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیراعظم عمران خان کے تاریخی خطاب کو دنیا بھر کے نشریاتی اداروں اور اخبارات نے شہ سرخیوں میں جگہ دی۔ معروف امریکی اخبار دی نیویارک ٹائمز نے لکھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں جذباتی تقریر کے دوران مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ برطانوی اخبار دی گارڈین نے سرخی لگائی کہ پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ کشمیر میں بھارتی اقدامات جنگ کو ہوا دے سکتے ہیں۔ جرمن ٹی وی ڈی ڈبلیو نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ وادی میں کرفیو اٹھنے کے بعد بڑے تشدد کی پیشگوئی کی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کہتے ہیں کہ خطہ میں بھارتی اقدامات سے جنگ کا خطرہ ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے وائس آف امریکہ نے لکھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے دنیا پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال میں فوری مداخلت کر کے دو ایٹمی ملکوں کو جنگ سے بچائیں۔ عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ نے لکھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ اجلاس میں بھارت پر مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا الزام لگایا لیکن بھارتی وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں کشمیر کا کوئی ذکر ہی نہیں کیا۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد نے وزیراعظم عمران خان کے خطاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے کشمیریوں کیلئے سفارت کاری کا حق ادا کردیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران نے جو کہا وہ کشمیر کے دو کروڑ عوام کے دل کی آواز ہے، وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کیلئے سفارت کاری کا حق ادا کر دیا۔کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھا دیا۔ وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ میں تقریر کا خیرمقدم کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ عمران خان نے بہت اچھے طریقے سے کشمیریوں کا مقدمہ پیش کیا، ہندوستان نے کشمیر کو سب سے بڑا ٹارچر سینٹر بنا دیا ہے۔ مشعال ملک نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کو بتا دیا کہ اگر کشمیر پر کردار ادا نہ کیا تو یہ معاملہ ایٹمی جنگ کی طرف جائے گا، بھارت کی فوج نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔ آزاد کشمیرکی سیاسی قیادت اور حریت کانفرنس نے عمران خان کے خطاب کو مسئلہ کشمیر کے حو الے سے بے مثال سفارتکاری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے عالمی ضمیر کو بھرپور انداز میں جھنجوڑا ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیرکے مسئلہ کے حل ،اس تنازعہ اور مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی اقدامات کی وجہ سے پیدا شدہ کشیدگی سے متوقع خطرات سے بھی دنیا کوآگاہ کیا ہے۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے وزیراعظم کی تقریر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب پاکستانی قوم کے جذبات کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان اور وزارت عظمیٰ کو نئی عزت اور وقار سے نواز دیا ہے، عمران خان کا خطاب تقاضا کرتا ہے کہ ایئرپورٹ پر تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے ان کا استقبال کریں، سیاسی جماعتیں وزیراعظم کو وہی مقام دیں جو انہیں اقوام متحدہ کے اجلاس میں ملا۔ حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر فیض نقشبندی ، سید عبداللہ گیلانی نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اٹھانے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، وزیراعظم نے دنیا کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور آر ایس ایس کے نازی فلسفے سے آگاہ کیا۔
عالمی میڈیا میں عمران کے خطاب میں نمایاں کوریج، کشمیریوں کو حوصلہ ملا، کشمیری قیادت
Sep 29, 2019