واشنگٹن (صباح نیوز)مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر امریکی کانگریس کی امور خارجہ ذیلی کمیٹی کی سماعت کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا۔ بریڈشرمین کی سربراہی میںایوان کی ذیلی کمیٹی 22اکتوبر کومقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سماعت کرے گی۔سماعت کے موقع پر 13اراکین کانگریس کے موجود ہونے کا امکان ہے۔دوسری جانب امریکہ کے 14اراکین کانگریس نے بھارتی وزیر اعظم مودی سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ، جبری بندشیں اور مواصلاتی نظام کا بلیک آئوٹ ختم کرنے کامطالبہ کیاہے۔ امریکی ارکان کانگریس کے بیان میں کہا گیا امریکہ میں موجود جموں و کشمیر کے ہزاروں خاندان مواصلاتی بندشوں کی وجہ سے اپنے گھر والوں کی خیریت جاننے سے محروم ہیں۔ وزیر اعظم مودی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جموں وکشمیر میں جاری پابندیاں ختم کریں۔ارکان کانگریس نے کشمیر میں مسلمانوں کو مذہبی تہوار منانے سے روکنے ،بھارت میں ہندو انتہا پسندوںکے اقلیتوں پر حملوں،مذہب کے نام پر ہجوم کے ہاتھوں قتل کے واقعات پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ارکان کانگریس نے بھارتی وزیر اعظم پر زور دیا کہ بھارت میں مذہبی آزادی کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔
مودی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، پابندیاں ختم کریں: امریکی ارکان کانگرس
Sep 29, 2019