حکومت بدعنوانوں کا احتساب کر رہی ہے، کرپشن کے خاتمے تک جنگ جاری رہیگی: صدر علوی

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز/ نوائے وقت رپورٹ) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ چین کی معیشت دنیا بھر میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ چین اور پاکستان کسی کے داخلی امور میں عدم مداخلت پر یقین رکھتے ہیں۔ صدرمملکت عارف علوی نے چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ چین کی ترقی پاکستان سمیت پوری دنیا کیلئے مثال ہے۔ پاکستان کو چین کے ساتھ دوستی پر فخر ہے۔ چین نے معیشت کے ہر شعبے میں ترقی کی ہے۔ چین کی معیشت دنیا بھر میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا چین اور پاکستان کسی کے داخلی امور میں عدم مداخلت پر یقین رکھتے ہیں۔ اس سے قبل ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرکا کہنا تھا کہ ملک میں 70 سالوں سے بدعنوانی عام رہی ہے۔ کرپشن کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ حکومت کرپشن اور سرخ فیتے کے خاتمے کیلئے جدید ٹیکنالوجی بروئے کا لا رہی ہے۔ حکومت تاجر برادری کو ہرممکن سہولیات فراہم اور پاکستان میں کاروبارکو آسان بنا رہی ہے۔ صدر کا کہنا تھا دنیا بھر میں پاکستان کے سافٹ ویئر انجینئرز ہیں جو اپنی محنت سے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ دریں اثناء کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہم ریاست مدینہ نہیں بھی بنا سکے تو ایک قدم بڑھا سکتے ہیں۔ عارف علوی نے کہا کہ اقوام متحدہ ہتھیار اٹھانے سے روکنے کے لئے بنا تھا‘ عمران خان نے گزشتہ روز جنرل اسمبلی میں انتہا خوبصورت تقریر کی‘ انہوں نے اپنے دورہ امریکہ میں ریاست مدینہ کی نشانیوں پر کھل کر بات کی پورا یقین ہے کہ ملک میں تبدیلی آتی جارہی ہے۔ ہم ریاست مدینہ نہیں بھی بنا سکے توایک قدم بڑھ سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہماری معیشت کنزیومر ازم کا شکار ہے‘ ملٹی نیشنل کمپینز کی طاقت نے جمہوریت کو یرغمال بنایا ہے۔ معیشت کو بہتر کر لیںتو پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں ہوگا۔ عارف علوی نے سابق رکن قومی اسمبلی رانا محمد افضل کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ہفتہ کو صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق وزیر مملکت برائے خزانہ اور مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما رانا محمد افضل کی وفات پر ان کے بیٹے کو ٹیلی فون کرکے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ صدرمملکت نے مرحوم کی بلندی درجات کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبرجمیل کی دعا بھی کی۔

ای پیپر دی نیشن