اسلام آباد + سیالکوٹ (صباح نیوز+ نامہ نگار) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی تقریر کو دنیا بھر میں ملنے والی پذیرائی اس بات کا ثوبت ہے کہ وہ ’’مشن کشمیر‘‘ میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مظلوموں کا مقدمہ پوری قوت کے ساتھ دنیا کے سب سے بڑے فورم پر رکھ دیا‘ اب عالمی ضمیر کا امتحان ہے کہ وہ تاریخ کے کس رخ کھڑا ہوتا ہے‘ مہذب دنیا مظلوموں کا ساتھ دیتی ہے یا کاروبار کو انسانیت پر فوقیت۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سٹیٹ بنک کی ایس ایم ایز آگاہی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ وزیراعظم نے مرد مجاہد بن کر کشمیری مسلمانوں کا مقدمہ دلیری سے لڑا ہے۔ کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کیلئے دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑا ہے۔ ہم ہمیشہ دوسری امت مسلمہ کے لیڈر کی طرف دیکھتے رہے اب امت مسلمہ پاکستان کی طرف دیکھے گی۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان کی طرف دیکھا تو مجھے ماں کے دودھ کی قسم کہ میں اپنی گن اور اپنی گولیاں لے کر سرحد کو پار کروں گا۔ میری آواز کشمیر کی آواز ہے۔ میں جس وقت اور جس گھڑی چاہوں لال چوک سرینگر کو خونی چوک بنا سکتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پسرور روڈ پر واقع قصبہ گنہ کلاں میں سوئی گیس کی افتتاحی تقریب کے بعد جلسہ عام سے خطاب میں کیا۔ جنگ کی سیاست سیاستدانوں کو نہیں کرنی چاہئے لیکن بعض لوگ بے وقوف ہیں ان کو مودی کی سوچ کا اندازہ نہیں ہے کہ وہ کس مشن پر آیا ہے۔ میں جوتشی نہیں ہوں توحیدی ہوں، اللہ کی واحدانیت پر یقین رکھتا ہوں، لیکن میں سیاسی طور پر سمجھتا ہوں جنوری کی پندرہ تک کشمیری اپنی زندگی کی آخری جنگ لڑیں گے۔ ہم نے اپنے سارے دروازے بند کر دیئے ہیں، جس طرح عمران خان نے کہا کہ ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ پاکستان سے جائے لیکن میں نے اتنی بڑی قسم کھائی ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان کی سرحدوں پر حملہ کیا، میری اللہ سے دعا ہے کہ مجھے کشمیریوں کے ساتھ شہادت نصیب ہو۔ عمران خان نے عالم اسلام، ناموس رسالتؐ اور کشمیریوں کی ترجمانی کی ہے اور اس کی تقریر بہت ساری طاقتوں کو ہضم نہیں ہو گی۔
عمران نے کشمیر کا مقدمہ سب سے بڑے فورم پر پیش کر دیا: فردوس عاشق
Sep 29, 2019