چمن: بم دھماکہ، جے یو آئی ف کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا حنیف سمیت 3 شہید

Sep 29, 2019

چمن+بنوں (نوائے وقت رپورٹ) چمن میں تاج روڈ پر ہونے والے دھماکے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا حنیف سمیت 3 افراد شہید جبکہ 9 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا جو مولانا محمد حنیف کے دفتر کے باہر کھڑی تھی۔ مولانا محمد حنیف کے دفتر سے باہر نکلتے ہی دھماکہ ہو گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 10 افراد زخمی ہوئے جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ مولانا محمد حنیف کو زخمی حالت میں کوئٹہ منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ مولانا محمد حنیف جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل تھے۔ پولیس کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور ایک گاڑی میں آگ بھی لگ گئی۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے چمن دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ مولانا محمد حنیف کی شہادت پر افسوس ہے، مولانا محمد حنیف کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عدم عملدرآمد دہشگردی کیلئے ہمت افزائی کا موجب بن رہا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمود خان نے چمن میں دھماکہ کی شدید مذمت کی ہے، شہید ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا انسانیت اور مذہب کے منافی فعل ہے، بزدل دشمن کوبزدلانہ کارروائیوں سے کوئی بھی مقصد حاصل نہیں ہو سکتا، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھا کہ ہم دھماکے کی مذمت کرتے ہیں، دھماکے میں جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت تین افراد کے شہید ہونے پر دکھ ہے اور لواحقین سے افسوس کا اظہار کرتے ہیں ۔ سپیکر بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بھی بم دھماکے کی مذمت کی اور دھماکے میں جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت تین افراد کے شہید ہونے پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ صوبہ مولانا محمد حنیف جیسے اچھے عالم دین اور نفیس انسان سے محروم ہو گیا ہے۔ جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری مولانا محمد حنیف کی شہادت کیخلاف کو ئٹہ پر یس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظا ہر ے سے جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کے ضلعی امیر مولانا عبدالرحمٰن رفیق، سنئیرنائب امیر مولانا خورشید احمد، ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ ،حافظ مجیب الرحمن ملا خیل، حافظ عبدالحق حقانی ،حافظ مسعوداحمد، حاجی محمد قاسم خلجی، مولانا محمد طاہر تو حیدی، مولانا سردار محمد میر فاروق لا نگو، چوہدری محمد عاطف، محمد شاہ لالا، حافظ شبیراحمد مدنی، حاجی ولی محمد بڑیچ، مفتی عبدالسلام رئیسانی ، مولانا محمد عارف شمشیر ی، حاجی صادق الدین ایڈووکیٹ ود یگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا محمد حنیف کی شہادت کھلی دہشت گردی ہے مولانا حنیف کی شہادت سے ملکی حالات کو خراب کیا جارہا ہے ۔شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے بارودی مواد کو ناکارہ بنادیا ۔ ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کے علاقہ خسوخیل میں پہلے سے روڈ کنارے پر ریموٹ کنٹرول بم نصب تھا جسے سیکورٹی فورسز نے دیکھتے ہوئے انتہائی حکمت عملی سے بم کو ناکارہ بنا دیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے چمن دھماکے کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ہفتہ کو یہاں جاری مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد اور ان کے لواحقین کے لئے دعا گو ہیں، حملے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تجارت سے لے کر بارڈر سکیورٹی پر ہونے والا کام جاری رکھنے کو یقینی بنائیں گے اور اس قسم کے بزدلانہ اقدام کو اپنے رستے کی رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے والی ہر سازش کا ڈٹ کے مقابلہ کریں گے۔

مزیدخبریں