وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بادل خوب برسے، موسم سہانا ہوگیا۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا بھی سامنا ہے، محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا، بلوچستان، زیریں سندھ میں بھی مزید بارش کا امکان ظاہر کر دیا۔کہیں بادل چھم چھم برسے اور کالی بدلیوں کے ڈیرے، موسم نے انگڑائی لے لی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ، باغوں کے شہر لاہور میں موسم حسین ہے، صبح کے وقت بیشتر علاقوں میں ابر کرم برسا جس نے سردی کو دستک دیدی، شہر میں سرمئی بادل چھائے ہیں، ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں، چھٹی کا مزا دوبالا ہو گیا۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی تیز بارش ہوئی جس سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، کئی فیڈر ٹرپ ہونے سے بتی گل ہو گئی۔ شہریوں کو مشکلات پیش آئیں۔ بہاولپور، ساہیوال ، چیچہ وطنی، چشتیاں، چنیوٹ، جھنگ، بورے والا سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادل خوب برسے جس سے موسم تبدیل ہوگیا۔ نشیبی علاقوں میں بھی پانی جمع ہوگیا۔موسم کی خبر دینے والوں نے کراچی، زیریں سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں تیز بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔