مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ ماہ ِصفر المظفر1441ء کا چاند نظرنہیں آیااور یکم صفر المظفرمنگل یکم اکتوبر 2019ء کو ہوگی ۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کااجلاس دفتر محکمہ موسمیات(میٹ کمپلیکس) موسمیات چورنگی، کراچی میں مفتی منیب الرحمن کے زیرِ صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میںزونل رویتِ ہلال کمیٹی کے ارکان مولانا حافظ محمد سلفی، قاری نذیراحمد نعیمی،مولاناصابر نورانی،قاری محمد اقبال اور علامہ سید علی کرار نقوی نے شرکت کی ۔فنی معاونت کے لیے ڈپٹی چیف منیجر اسپیس اینڈ سائنس غلام مرتضیٰ اور محکمۂ موسمیات کے چیف میٹر ولوجسٹ سردار سرفراز نے شرکت کی۔ پاکستان بھر میں کہیں مطلع ابر آلود ، کہیں گرد آلود اور کہیں صاف تھا ،لیکن کسی مقام سے رویت کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی . محکمہ موسمیات کے تمام مراکز ،جامعة الرشید شعبۂ فلکیات کے تمام اسٹیشنز سے عدمِ رویت کی رپورٹ موصول ہوئی ، لہٰذا اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم صفر المظفرمنگل یکم اکتوبر 2019ء کوہوگی ۔