اسلام آباد (این این آئی) سرجیکل سٹرائیک کے جھوٹے دعوے کو چار سال گزر گئے لیکن بھارت آج تک کوئی ثبوت فراہم نہیں کر سکا۔ بین الاقوامی میڈیا نے خود زمینی حقائق دیکھ کر 2016 میں ہی بھارت کے جھوٹ کو پول کھول دیا تھا۔ بھارتی فوج نے 28 ستمبر 2016 کو لائن آف کنٹرول عبور کرکے پاکستانی سرزمین پر سرجیکل سٹرائیک کا جھوٹا دعوی کیا اور اپنے عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے خوب شادیانے بھی بجائے گئے۔ پاکستان نے بھارتی دعوے کو یکسر مسترد کرتے کرتے ہوئے ملکی اور غیر ملکی میڈیا کو ایل او سی کے ان تمام مقامات کا دورہ کرا دیا۔ بین الاقوامی میڈیا نے خود زمینی حقائق دیکھ کر رپورٹنگ کی اور بھارت کے جھوٹ کا پول کھول دیا۔ حقائق کے مطابق 28 ستمبر 2016 کو ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر بھارتی افواج کی شدید فائرنگ اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں سے پاک فوج کے دو جوان شہید ہوئے۔ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 8 بھارتی فوجیوں کو ہلاک اور ایک کو گرفتار کر لیا تھا۔