لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ’’ورلڈ ہارٹ ڈے‘‘کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ صحت کا خیال رکھنا سنت نبوی ہے، اپنے دل کا خیال کیجئے۔ کرونا کے بعد امراض قلب کا رسک بڑھ چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد دی اور بلامقابلہ نو منتخب صدر خواجہ جلال الدین رومی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشحالی کا دور لانے کی لئے صنعت و تجارت پر توجہ دی جارہی ہے۔ جنوبی پنجاب میں روزگار اور معاشی ترقی کے لئے سپیشل اکنامک زون قائم کررہے ہیں۔ سردار عثمان بزدار نے بلدیاتی اداروں کو شہروں اور قصبوں میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہر اور قصبے میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے پر فوری توجہ دی جائے کیونکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ‘ شہر‘ قصبہ جات کو صاف دیکھنا چاہتا ہوں۔ کوتاہی قطعاً برداشت نہیں - لوکل گورنمنٹ کا عملہ اور افسر عوام کے مسائل حل کرنے میں کوتاہی نہ کریں۔گراس روٹ لیول پر ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ بلدیات سے ترقی کا ثمر لوگوں کی دہلیز تک پہنچے گا۔ ’’بلدیہ آن لائن ایپ‘‘ پر آنے والی شکایات کا ازالہ ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ بلدیہ آن لائن ایپ کے ذریعے پیدائش، شادی وغیرہ سمیت 6 سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے اکنامک زونز پراجیکٹس کو جلد ازجلد عملی شکل دینے کاحکم دے دیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہاکہ پنجاب کو انڈسٹریل حب بنانا میرا مشن ہے۔ پنجاب میں 9اکنامک زونز کے قیام کی منظوری کا عمل مکمل ہے اور عملی اقدامات شروع ہوچکے ہیں۔ اکنامک زونز کے قیام سے نہ صرف صنعتی انقلاب آئے گا بلکہ 17لاکھ سے زائد روزگار بھی میسر ہوں گے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔ لاہور میں رائے ونڈ روڈ پر نجی شعبے کے اشتراک سے جے ڈبلیو چائنہ پاکستان سپیشل اکنامک زون 161.5ایکڑ پر بنے گا۔ سپیشل اکنامک زون اورانڈسٹریل اسٹیٹس میں ممکنہ حد تک رعایتیں اور مراعات دی جائیں گی۔ عثمان بزدار نے راولپنڈی میں فائرنگ سے تین خواتین کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے وزیراعلیٰ پنجاب نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کے واقہ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہید کیپٹن عبداللہ ظفر کی بہادری کو خراج عقیدت اور سلام پیش کیا ہے۔
اکنامک زوزنز کو جلد عملی شکل دینے کا حکم، پنجاب کو انڈسٹریل حب بنانا مشن: عثمان بزدار
Sep 29, 2020