اگر میڈیا چاہے تو جو بے ڈھنگا سیاسی ٹورنمنٹ آج ملک میں کھیلا جا رہا ہے اسکے کھلاڑیوں میں سے نیب زدہ کھلاڑیوں کو ٹیکنکل بنیادوں پر ان فٹ ٹورنمنٹ قرار دیکر آئوٹ کر سکتا ہے ! زیادہ شور شرابہ کرنیوالے وہی چند ہیں جنہیں یہ کہہ کر عمران خان نے مایوس کر دیا ہے حکومت جاتی ہے تو جائے میری حکومت میں ملک لوٹنے والوںکو NROہرگز نہیں ملے گا۔ اس لیے فائول پلے کرنیوالوں کو پوچھا جا سکتا ہے مہربانو‘ سزا کا خطرہ آپکو ہے، 22کروڑ عوام کو تو جیل جانے کا کوئی خطرہ نہیں ہے پھر آپ کس طرح کہہ سکتے ہیں کہ حکومت ایک دن بھی مزید رہی تو 22کروڑ عوام کی زندگیاں خطرے میں پڑ جائینگی ۔جناب !خدا کا خوف کریں خود کو 22کروڑ عوام نہ سمجھیں! پوچھا جا سکتا ہے جناب! خطرہ اور پریشانی آپکو ہے، جمہوریت نے تو جیل نہیں جانا، جمہوریت کو خطرہ کس طرح ہے؟ مقدمات آپ پر ہیں، اٹھارویں ترمیم اوراین ایف سی پر حملہ کس طرح ہے؟ مقدمے آپکے خلاف چل رہے ہیں یہ آئین کی پامالی کس طرح ہے؟ آپ دونوں کے گذشتہ دس برسوں میں پاکستان کو بھارت نے گرے لسٹ میں ڈلوایا، پاکستان پر بھارت نے دہشت گردی کے الزامات لگائے۔ یہ کہ آپ کے دس برسوں کے اقتدار میں ہوا کہ پاکستان دنیا بھر میں اسطرح تنہا ہوا کہ آپ نے کسی الزام کا کوئی جواب دینے کے بجائے ڈان لیکس و دیگر طریقوں سے ان الزامات کی تصدیق فرمائی جو پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالنے اور دہشت گرد ملک ثابت کرنے کے لیے پاکستان پر بھارت نے لگائے تھے؟آپکے بعد صرف دو برسوں میں عمران خان اور فوج نے ملکر پاکستان کو دنیا میں وہ مقام دلایا جسکے ساتھ ہی ـ’’ڈو مور ڈومور‘‘ کا سلسلہ فوری طور پر ختم ہو گیا جو آپکے اقتدار میں اس لیے جاری تھا کہ پاکستانی قوم اور فوج کو دبائو میں رکھا جائے! پھر آپ کس طرح کہہ سکتے ہیں کہ آپکا دور حکومت پی ٹی آئی کے دور سے بہتر تھا؟ جناب آپکے دور میں پاکستانی تنہا تھا خطے کے ممالک اور ساری دنیا بھارت کے ساتھ تھی، پاکستانی معیوب اور جناب کی ذات دنیا میں مقبول تھی، پاکستان تنہا ہو گیا تھا اور آپکی ذات کے دنیا بھر میں کاروبار تھے۔آپ کے بعد صرف دو برسوں میں بھارت کو ساری دنیا ہی نہیں اسکے پڑوسی ممالک حتیٰ کہ بنگلہ دیش بھی چھوڑ گیا، پاکستانی حکومت اور فوج نے صرف دو برس میں ساری دنیا کو اپنا ذاتی دوست نہیں، پاکستان کا دوست بنا کر بھارت کو تنہاء کر دیا جو ساری دنیا کے سامنے ہے، پھر آپ کسطرح کہہ سکتے ہیں کہ اس حکومت نے پاکستان کو تنہا کر دیا۔ جناب! تنہاآپ ہوئے ہیں، کیا آپ پاکستان ہیں جو یہ کہہ رہے ہیں کہ پاکستان تنہا ہو گیا؟ آپ نے مولانا کو کشمیر کمیٹی پر اسطرح بٹھا دیا کہ انکے تلے آکر کشمیر کمیٹی ہی نہیں مسئلہ کشمیر بھی دس برسوں تک دبا رہا! آپکے بعد صرف دو برسوں میں عالم یہ ہے کہ دنیا کے کونے کونے میں کشمیریوں کے حق میں آواز بلند ہو رہی ہے توآپ کس طرح کہہ سکتے ہیں کہ کشمیر کا سودا کر دیا گیا؟ آپ یہ بھی فرماتے ہیں کہ آپکے دس برس میں کشمیر کے خلاف کوئی قانون پاس کرنے کی بھارت میں جرات نہ تھی۔ کیا آپ یہ فرما رہے ہیں کہ آپ بھارت کے کوئی مقدس دیوتا تھے یا یہ تاثر دینا چاہتے ہیں کہ آپ سے بھارت ڈرتا تھا اس لیے کہ وہ کشمیر کے خلاف کوئی قانون پاس نہ کر سکا؟ اگر یہ بات ہے تو پھر دیر کس بات کی ہے، مولانا کا ایک آزادی مارچ مولانا کے ساتھ ہو کر کشمیر کے لیے بھی کریں۔ بھارت کے سامنے کسی مقام پر دھرنا دیکر بھارت کو حکم دیں کہ وہ کشمیر سے نکل جائے، اس لیے ہم یعنی مولانا صاحب، فرزند ولی صاحب، میاں صاحب اور اچکزئی صاحب اور زرداری صاحب بھارت کو صرف دو دن کی مہلت دیتے ہیں اس پر عمل نہ ہوا تو بھارت دیکھ لے ایسا کرنے کی ہم خود بھی قدرت رکھتے ہیں یہ کہ امریکہ کو بھی کہتے ہیں کہ وہ بھارت کا ساتھ نہ دے! الفاظ وہی ہوں جو آزادی مارچ کے دھرنے میں آپ نے ادا فرمائے تھے صرف نام اور مقام بدل دیں تو تقریر وہی چل جائے گی جو دھرنے میں کی گئی تھی، دھمکیاں وہی چل سکتی ہیں لہٰذا امریکہ کو بھی وہی دھمکیاں دیں جو دھرنے میں پاک فوج کو دیں تھیں۔ ایسا کر کے آپ آکر کشمیر آزاد کر سکتے ہیں، ایسا کر گذریں تو پاکستان کی حکومت پاکستانی عوام خود آپکی خدمت میں پیش کر دینگے، آپ کشمیریوں ہی کے نہیں پاکستانیوں کے بھی ہیرو بنیں، پاکستان کی حکومت آپکی جھولی میں ہوگی! ایسا نہیں کر سکتے تو پھر جو کچھ کشمیر کے لیے عمران خان نے کر دیا ہے اسے آپ جھٹلا کسطرح سکتے ہیں؟ یہ درخواست بھی کی جا سکتی ہے کہ اگر آپ یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں توآپ بھارت کو کشمیر سے بھگانے کے لیے اپنے سمیت کشمیر کی سیاسی جماعتوں کی کوئی اے پی سی کیوں نہیں بلاتے؟ آپ پانچ لوگ بذریعہ فون چوبیس گھنٹے آپس میں رابطے میں رہتے ہیں، حکومت کی ایک ایک بات پر نظر رکھتے ہیں، اس پر مشترکہ بیان تیار کرتے ہیں، اس بیانیے کو اپنے سوشل میڈیا کے سپرد کر کے دنیا بھر میں پھیلاتے ہیں اسکے علاوہ الیکٹرانک میڈیا اور پرنٹ میڈیا کے مخصوص لوگوں کے ذریعے دن رات تشہیر کرتے ہیں، مختلف مافیاز کو ہدایات جاری کرتے ہیں کہ کس نے کب کوئی چیز غائب کر کے یا گم کر کے حکومت اور عوام کے لیے کوئی مشکل پیدا کرنی ہے۔ جس طرح آپ ہر وقت ایکدوسرے کے ساتھ رابطے میں ہیں تو پھر اس APCکا کیا مقصد ہے ؟ وہ کونسی بات ہے جو آپ روزانہ کے معمولات میں آپس میں ڈسکس نہیں کرتے؟ جس کے لیے آپکا آپس میں مل بیٹھنا ضروری ہے؟ میڈیا چاہے تو پوچھ سکتا ہے کیا یہ APCکا ڈرامہ کچھ مقاصد کے حصول کے لیے تو نہیں ہے جن میں پہلا مقصد کچھ بیرونی طاقتوں کو یہ تاثر دینا ہے کہ حکومت کمزور اور اپوزیشن ابھر رہی ہے؟ دوسرا مقصد یہ نہیں ہے کہ اپنے مخصوص میڈیا پر آپ خود کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں؟ کیا تیسرا مقصد یہ نہیں کہ ایسا کر کے پارٹی چھوڑنے والوں کو روکا جائے؟ میڈیا چاہے تو پوچھ سکتا ہے کہ مہربانوں یہ تو بتائو یہ جو آپ فرما رہے ہیں کہ اس حکومت کا مزید ایک دن بھی قائم رہنا عوام اور پاکستان کو تباہ کر دیگا۔ آپکی کیا گارنٹی ہے کہ نئی حکومت کے ختم ہوتے ہی آپ دودھ اور شہد کی نہریں بہا دیں گے؟ کیا بھارت سرحدوں پر حملے بند کر دیگا؟ کیا کشمیریوں پر مظالم آپ بند کرا دیں گے؟ کیا مہنگائی اور بیروزگاری آپ ختم کر دیں گے؟ کیا بھارت اور امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر آپ کہہ سکیں گے جناب! ’’ڈو مور ‘‘چھوڑ دیں، ’’نو مور‘‘ پر گزارا کر یں؟ کیا آپ آٹا، چینی، بجلی، تیل سب کچھ سستا کر دیں گے؟ کیا آپ یہ اعلان آج کر سکیں گے کہ یہ حکومت ختم ہو جائے تو پاکستان کے سب قرضے( جو ہم نے ہی چڑھائے ہیں) ایک ماہ میں ختم کر دیں گے؟ کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ آپ میں سے وزیراعظم کون ہوگا؟ کیا آپ اپنی قوم کو بتا سکتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ کون ہوگا؟ کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ آپکی کابینہ میں کون کون شامل ہوگا؟ کیا آپ ایسا قانون بنانے کا وعدہ کر یں گے جسکے تحت پاکستان کو کسی بھی طرح کا نقصان جن لوگوں نے ماضی میں پہنچایا یا آئیندہ پہنچایا اسے پھانسی کی سزا ہوگی؟ نہیں جناب نہیں، آپ ایسا کچھ نہیں کر سکتے، کر سکتے تو گزشتہ چالیس برسوں میں جب حکومتیں آپکی تھیں کر لیتے۔ کیا آپ ایسا قانون بنائیں گے کہ لیڈروں میں جس جس کی بیرون ملک دولت یا جائیدادیں ہیں وہ واپس پاکستان لائیں گے؟پیٹ پھاڑنے اور سڑکوں پر گھسیٹنے جیسی باتیں کر کے کیا آپ پاکستانیوں کو مزید دھوکہ دے سکیں گے؟ میڈیا چاہے تو انکی بولتے بند کر وا سکتا ہے لیکن امید نہیں، یہ کام سوشل میڈیا پر یا غیر جانبدار الیکٹرانک میڈیا یہ کام کر سکے گا؟ یا حکومتی میڈیا کو یہ کام کرنا پڑے گا؟ میڈیا چاہے تو آج بھی ایسی حرکتوں کو ماضی کی روشنی میں بے نقاب کر سکتا ہے۔ میڈیا چاہے تو پوچھا جا سکتا ہے کہ مہربانو! عدالتوں سے بھاگنے کے بجائے یہ پریس کانفرنس والی باتیں آپ عدالتوں میں کیوں نہیں کرتے؟ مہربانو! یہ ففتھ جنریشن وار، ہائیبریڈوار چیز کیا ہے؟ اس بارے میں آپ پانچ لوگ خاموش کیوں ہیں؟یہ جنگ ملک اور قوم کے خلاف ملک کے اندر لڑی جا رہی ہے، اس پر آپ پانچ جو اپوزیشن بھی ہیں، پاکستان بھی ہیں اور 22کروڑ عوام بھی آپ ہیں۔ جمہوریت، آئین و قانون سب کچھ تو آ پ ہی ہیں تو کیا اس ہائیبریڈ کو اپنے لیے خطرہ نہیں سمجھتے؟ اسکے پیچھے بھارت ،اسرائیل اور امریکہ ہے، یہ آپ جانتے ہیں تو خاموش کیوں ہیں؟ یہ بات میڈیا چاہے تو پوچھ سکتا ہے کہ آپکی ہائیبریڈ وار پر خاموشی کی وجہ کیا ہے ؟ میڈیا پوچھ سکتا ہے کیا APCمیںبھارت کے حملوں۔ ہائیبریڈ وار اور گرے لسٹ کے بارے میں بھی کوئی بات ہوگی؟