راولپنڈی + لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے/ نیوز رپورٹر) تھانہ ائیرپورٹ کے علاقہ ڈھوک کمال دین میں طلاق کے تنازعہ پر خاتون کے دیور نے گھر میں آئے بھابھی کی تین بہنوں اور بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ فائرنگ سے شوہر سے طلاق کا تقاضہ کرنے والی خاتون شدید زخمی ہوگئی۔ ملزم جائے واردات سے فرار ہوگیا۔ سی پی او راولپنڈی محمد احسن یونس، ایس ایس پی آپریشنز شعیب محمود ، ایس پی پوٹھوہار ٹائون سید علی اور اے ایس پی سول لائن سرکل بینش فاطمہ جائے واردات پہنچ گئے اور جائے وقوعہ سے تفصیلات حاصل کیں۔ ریسکیو1122 ، ہومیسائیڈ پولیس بھی موقع پر پہنچیں۔ چار افراد کے قتل پر علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کو زخمی ہونے والی خاتون اریج نے بتایا کہ میری شادی خرم کے ساتھ ہوئی تھی نہ میں اس سے خوش تھی نہ ہی وہ مجھ سے خوش تھا۔ میں اپنے شوہر سے طلاق چاہتی تھی۔ میرے بہن بھائی آئے میرا دیور غلام عباس طلاق لینے کا مخالف تھا جس نے اس رنجش میں فائرنگ کرکے میری تین بہنوں صباحت ارم ، فائزہ کرن، حرا نوشین اور بھائی حیدر علی زوہیب کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا پولیس نے ناکہ بندیاں کرکے گرفتاری کیلئے ٹیمیں بنا دیں۔ پولیس نے بتایا کہ زخمی خاتون کا شوہر گھر نہیں آتا تھا جس کی بہنیں اسے گھر ملنے آئی ہوئی تھیں۔ ملزم نے مقتولہ خواتین کے بھائی کو اس کی دکان کے قریب فائرنگ کرکے قتل کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے راولپنڈی کے علاقے میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی اور ہدایت کی کہ واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے اور جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیجائے ۔
راولپنڈی: طلاق کا تنازعہ‘ دیور نے بھابھی کی 3 بہنوں‘ بھائی کو قتل کر دیا
Sep 29, 2020