اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) گلگت بلتستان بلاشبہ پاکستان کے ماتھے کا جھومر اور ضلع دیامر گلگت بلتستان کے سر کا تاج ہے، داریل، تانگیر، تھور ویلی، نیاٹ، بابوسر اور تھک ویلی قدرتی خوبصورتی اوررعنائیوں میں اپنی مثال آپ ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاحوں کو ان مقامات کی جانب زیادہ سے زیادہ راغب کیا جائے، مشیر اطلاعات، سیاحت و ثقافت ثمینہ بیگ نے ضلع دیامر میں سیاحت کے فروغ کے لئے کئے جانے والے دورے کے موقع پر داریل اور تانگیر کے دور دراز مقامات کاجائزہ لیا، انہوں نے کہا کہ محکمہ سیاحت اور میری ذاتی کوشش ہے کہ ضلع دیامر کی قدرتی حسن سے مالا مال وادیوں کو دنیا سے بھرپور طور پر متعارف کرایا جائے جو کہ اب تک باقی دنیا سے اوجھل ہیں۔ اس سلسلہ میں ایک خصوصی دستاویزی فلم کی تیاری جاری ہے جس کی مدد سے ان علاقوں کی خوبصورتی کو باقی دنیاکے سامنے موثر طریقے سے اجاگر کیا جا سکے گا۔ گلگت بلتستان کے محکمہ اطلاعات کے مطابق مشیر اطلاعات و سیاحت نے کہا کہ ابلاغ عامہ کے ذرائع خصوصاً انٹرنیٹ کی مدد سے سوشل میڈیا کو گلگت بلتستان کی متنوع خوبصورتی کو دنیا کے سامنے رکھنے کے لئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے،دیامر کی خوبصورت وادیوں میں سیاحتی سرگرمیوں میں اضافے کے لئے محکمہ سیاحت کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ آنے والے برسوں میں دیامر کا خطہ سیاحوں کی اولین ترجیح بن جائے گا۔ مشیر سیاحت و ثقافت نے کہا کہ گلگت بلتستان اپنے انوکھی اور منفرد وادیوں اور پہاڑی سلسلوں کی وجہ سے دنیا بھر میں نمایاں مقام رکھتا ہے، قدرتی نظاروں سے مالامال یہ وادیاں بیرون ملک نا صرف گلگت بلتستان بلکہ پاکستان کی پہچان ہیں۔ مشیر سیاحت ثمینہ بیگ نے ضلع دیامر کے دورے کے پہلے مرحلے میں بابوسر اور تھک ویلی کے قدرتی مقامات دیکھے داریل کے عمائدین نے مزید کہا کہ مشیر سیاحت ملکی وغیر ملکی سیاحتی حلقوں میں داریل اور تانگیر سمیت دیگر خوبصورت سیاحتی مقامات کو مزید اجاگر کرنے میں اپنا کر دار ادا کریں، مشیر سیاحت نے داریل کے عمائدین کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے دورے کا مقصد ڈاکومنٹری کی تیاری ہے جس کی مدد سے دیامر سمیت دیگر علاقوں کا مثبت اور خوبصورت چہرہ دنیا کے سامنے اجاگر کیا جائے گا۔مشیر اطلاعات و سیاحت نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ گلگت بلتستان کے ایسے علاقوں کو بھی سیاحتی مقامات کے طور پر ترقی دی جائے جہاں قدرتی خوبصورتی موجود ہے مگر یہ اب تک سیاحوں کی نظروں سے اوجھل ہیں، اس سلسلے میں سیاحتی مقامات کی ترویج کے لئے جلد دستاویزی فلم کا اجراء بھی کیا جائے گا۔
جی بی میں داریل، تانگیر، تھور ویلی، بابوسر خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہیں ، ثمینہ بیگ
Sep 29, 2020