صحت مند طرزِ زندگی امراضِ قلب کے خدشات کم کرسکتی ہے: ماہرینِ صحت

اسلام آباد(نا مہ نگار)شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے چیف آف کارڈیالوجی ڈاکٹر اسد علی سلیم نے کہا کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے اور خطرے کے عوامل مثلاً تمباکو نوشی ، ذیابیطس ، ہائی بلڈ پریشر ، ہائی کولیسٹرول اور ورزش نہ کرنے سے ہونے والی قبل از وقت اموات سے بچا جاسکتا ہے۔ اگر کسی شخص میں ذیابیطس ، تمباکو نوشی کی عادت ، ہائی بلڈ پریشر ، ہائی کولیسٹرول ، موٹاپا، کم سے کم جسمانی سرگرمی اور نمک کی زیادتی جیسے عوامل ہیں تو اسے شدید خطرہ ہوتا ہے اور ضروری ہے کہ وہ لازماً شدید قلبی پیچیدگیوں سے بچنے کیلئے طرزِ زندگی اور غذائی عادات میں رَدّوبدل کرے، کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر سعید اللہ شاہ نے کہا کہ دل کی شریانوں اور والو کی بیماریوں میںفرق کی آگاہی ہونی چاہئے کیونکہ دونوں طرح کی بیماریاں مختلف پیچیدگیوں کا نتیجہ ہیں۔ اینجیوگرافی ایک ٹیسٹ ہے جو دل کی شریانوں کی رکاوٹ وغیرہ کا پتہ لگانے کیلئے کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر تشویشناک ہے کہ اب چھوٹی عمر کے لوگوں کو بھی دل سے متعلقہ بیماریوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے تمباکو نوشی سے بچنے ، باقاعدہ ورزش کرنے اور وزن پر قابو پانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ای پیپر دی نیشن