آرکنساس کے شکاریوں نے ریاست کی تاریخ کا سب سے لمبا مگرمچھ پکڑ لیا

Sep 29, 2020 | 17:02

ویب ڈیسک

 امریکی ریاست آرکنساس میں شکاریوں نے ریاست کی تاریخ کا سب سے لمبا مگرمچھ پکڑ لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی امریکی ریاست ارکنساس کے ایک شہر ڈومس میں گھڑیالوں کے شکاریوں کے ایک گروپ نے اس وقت ایک سرکاری ریکارڈ توڑ دیا جب وہ تقریباً 14 فٹ لمبے مگرمچھ کو پکڑنے میں کام یاب ہو گئے۔

گھڑیال پکڑنے والے شہری ٹریوس بیئرڈن کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بھائی اور والد کے ساتھ میریساخ جھیل میں شکار کرنے نکلے تھے، ایسے میں انھوں نے پانی میں ایک بڑے گھڑیال کو دیکھا۔ٹریوس نے مقامی میڈیا کو بتایا ’جب پہلی بار وہ ہمیں دکھائی دیا تو اس بات کا اندازہ بالکل نہیں تھا کہ وہ اتنا بڑا نکلے گا، لیکن ہم تب حیران رہ گئے جب ہم نے اسے نیزے کے ذریعے پکڑ ا، وہ بہت بڑا تھا۔‘

شہری کا کہنا تھا کہ مگرمچھ 2 گھنٹوں تک کشتی کے آس پاس اچھلتا رہا اور کشتی اس کی وجہ سے ڈولتی رہی، یہاں تک کہ ایک صاف نشانہ لے کر میں نے اسے بے بس کر دیا۔

ارکنساس گیم اینڈ فش کمیشن نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ یہ ارکنساس ریاست کی تاریخ کا سب سے بڑا مگرمچھ ہے، جس کا وزن 800 پاؤنڈ، لمبائی 13 فٹ، اور 11.5 انچ ہے۔

محکمے کے ترجمان ٹری ریڈ کا کہنا تھا ’ہمارے پاس واقعی سرکاری ریکارڈ نہیں ہے، لیکن لمبائی سے متعلق ڈیٹا رکھا گیا ہے، یہ واقعی سب سے لمبا مگرمچھ ہے۔

ٹریوس نے کہا کہ اس کا شکار کا اجازت نامہ سال کے دو ویک اینڈز ہی کے لیے ہوتا ہے، اور اسے استعمال کرنے کا یہ آخری ویک اینڈ تھا، پچھلے ہفتے کے آخر میں، انھوں نے ہر رات کم از کم 10 گھنٹے شکار میں گزارے لیکن ناکام رہے۔

مزیدخبریں