خلیجی ملک کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح 91 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔امیرکویت کی جولائی میں اپنے ملک میں سرجری کی گئی تھی جس کے بعد وہ مکمل علاج کے لیے امریکا روانہ ہوگئے تھے۔ان کی صحت میں بہتری سے متعلق 14 ستمبر کو کویتی وزیر اعظم نے کابینہ کو آگاہ کیا تھا۔غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امیرِ کویت امریکا میں زیر علاج تھے جہاں منگل کو ان کا انتقال ہوا جس کی تصدیق حکام نے کردی ہے۔شیخ صباح الاحمد الجابرالصباح 2006 میں امیر کویت بنے اور اپنی علالت تک اس عہدے پر فائز رہے۔شیخ صباح الاحمد الجابرالصباح کویت کے وزیر اعظم بھی رہے ہیں جب کہ وہ کویت کے 40 سال تک وزیر خارجہ بھی رہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کے انتقال کے بعد کویت کی کابینہ نے ولی عہد کو نیا امیر مقرر کرنے کا اعلان کیا۔شیخ نواف الاحمد الجابر کی تقرری کے بعد انہیں امیر کے تمام اختیارات خود بہ خود منتقل ہوگئے۔ کویت کے نئے امیر کی عمر 83 سال ہے جبکہ وہ سابق سربراہ کے سوتیلے بھائی ہیں۔دوسری جانب امیرِ کویت کے انتقال پر حکومت نے چالیس روزہ جبکہ متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔