اسلام آباد(این این آئی‘ آئی این پی)پاکستان میں کرونا وائرس کی چوتھی لہر کی شدت کم ہو رہی ہے۔ کرونا وائرس کے کیسز کے بعد اب اموات میں بھی کمی آنے لگی ہے۔ ملک کرونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں ایک بار پھر 31 ویں نمبر پر آ گیا۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 1 ہزار 400 کیسز سامنے آئے ہیں۔ مزید 41 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔ اس کے مزید 2 ہزار 42 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 17 فیصد ہو گئی۔پاکستان بھر میں کرونا وائرس کے اب تک 27 ہزار 638 مریض انتقال کر چکے ہیں ۔ اس موذی وائرس کے کْل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 41 ہزار 825 ہو چکی ہے۔ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کرونا وائرس کے 49 ہزار 968 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 4 ہزار 15 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 11 لاکھ 64 ہزار 219 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کرونا وائرس کے مزید 44 ہزار 116 ٹیسٹ کیئے گئے۔اب تک کْل 1 کروڑ 92 لاکھ 84 ہزار 635 کرونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9 لاکھ 62 ہزار 907 افراد کو کرونا وائرس کی ویکسین دی گئی۔ اب تک کْل 7 کروڑ 95 لاکھ 33 ہزار 208 کرونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں ، 2 کروڑ 73 لاکھ 31 ہزار 678 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 12 اور اس سے زائد عمر کے بچوں کو بھی کرونا سے بچا وکی ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پر اپنے بیان میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ نے کہا کہ ویکسینیشن ڈرائیو تعلیمی اداروں میں شروع کی جائے گی۔