لاہور (لیڈی رپورٹر) ہوشربا مہنگائی سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ عام آدمی دو وقت کی روٹی کو ترس گیا ہے۔ دکاندار من مانی قیمتیں وصول کررہے ہیں مگر کہیں حکومتی رٹ نظر نہیں آتی۔ آج لوگ آٹا، چینی، گھی، پٹرول، بجلی ہر چیز کی مہنگائی سے عاجز آچکے ہیں۔ نومبر سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ سفاکانہ ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے تین سالوں میں ملک اور قوم کو تباہی کے کنارے پر لاکھڑا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مختلف خواتین نے گزشتہ روز روز افزوں مہنگائی حوالے سے نوائے وقت سے گفتگو میںکیا۔ مسلم لیگ (ن) کی خواتین ارکان اسمبلی بشریٰ بٹ اور اسوہ آفتاب نے کہاکہ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دینے والوں نے عوام سے روٹی تک چھین لی ہے۔ ورکنگ خواتین حفصہ مظہر اور حمیرا اجمل نے کہا کہ تنخواہیں کم ہو رہی ہیں لوگ بیروز گار ہورہے ہیں۔ گھریلو خواتین سعدیہ اور نمرہ نے کہا کہ ان حالات میں کس طرح لوگ سفید پوشی کا بھرم رکھیں۔ اشیائے خورونوش کا پورا ہونا تو درکنار بچوں کو سکول بھیجنا بھی دشوار ہوگیا ہے۔ عوام کو ریلیف کے اعلانات سن کر ہم نے پی ٹی آئی کو ووٹ دئیے مگر اس نے آتے ہی مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا۔