لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت گزشتہ روز بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں ایوان کی کارروائی کو افہام و تفہیم سے چلانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ سمیت حکومتی و اپوزیشن ارکان اسمبلی میاں محمد شفیع، سید عباس علی شاہ، ملک ندیم کامران، سمیع اللہ خان، خواجہ عمران نذیر، منشاء اللہ بٹ، محمد معاویہ، ملک خالد محمود بابر، مولانا محمد الیاس چنیوٹی، خلیل طاہر سندھو، حسن مرتضیٰ، مخدوم عثمان محمود نے شرکت کی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے فیصلے پر فوری عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں قواعد و ضوابط پر عمل کرنا تمام ارکان کی ذمہ داری ہے۔ بحیثیت کسٹوڈین، ایوان کے تقدس کو قائم رکھنا میرا فرض ہے۔